ملتان، رحمان بابا ایکسپریس پٹری سے اتر گئی، 6 مسافر جاں بحق، 30 زخمی
ملتان: ملتان میں شیر شاہ پل کے قریب رحمان بابا ایکسپریس کی تمام 14 بوگیاں پٹری سے اترنے کے نتیجے میں کم از کم 6 مسافر جاں بحق جبکہ 30 زخمی ہوگئے۔پولیس اور ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے فوراً بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے نشتر ہسپتال ملتان منتقل کیا گیا۔ ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ابتدائی معلومات کے مطابق رحمان بابا ایکسپریس کراچی سے پشاور جارہی تھی۔ ایک مسافر کے مطابق حادثہ صبح تقریباً 5 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ 13 بوگیوں میں امدادی کارروائی مکمل کرلی گئی ہے جبکہ ایک بوگی میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ زخمیوں کی حالت اور حادثے میں ہونے والے جانی نقصان سے متعلق مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔ایک مسافر نے بتایا کہ حادثے سے قبل روہڑی کے قریب بوگی نمبر 9 کے نٹ بولٹس کی مرمت کی گئی تھی، تاہم ٹرین کے پٹری سے اترنے کی اصل وجہ تاحال باضابطہ طور پر سامنے نہیں آسکی۔وزیراعظم شہباز شریف نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے مسافروں کے جانی نقصان اور زخمی ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور زخمیوں کو بلاتاخیر بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے بھی حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمی مسافروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ ترجمان ریلوے کے مطابق حنیف عباسی صورتحال کا جائزہ لینے اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے جائے حادثہ روانہ ہوگئے۔وزیر ریلوے نے کہا کہ حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے مسافروں کو پاکستان ریلوے کی انشورنس پالیسی کے مطابق معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔دوسری جانب ترجمان ریلوے کے مطابق لودھراں اور جہانیاں کے راستے ٹرین آپریشن مکمل طور پر بحال کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں اس سے قبل بھی متعدد سنگین ریلوے حادثات پیش آچکے ہیں۔ اگست 2023 میں سندھ کے شہر نوابشاہ کے قریب ہزارہ ایکسپریس پٹری سے اتر گئی تھی، جس کے نتیجے میں کم از کم 30 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ اس حادثے کے بعد بھی ریلوے نظام کی حفاظت اور دیکھ بھال سے متعلق سنگین خدشات سامنے آئے تھے۔