میرپور میں شہدائے زلزلہ کی یاد میں آگاہی واک، آفات سے نمٹنے کے لیے شعور اجاگر کرنے پر زور
قومی یومِ آگاہی برائے آفات کے موقع پر 8 اکتوبر 2005 کے تباہ کن زلزلے کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے میرپور میں قائداعظم اسٹیڈیم سے چوک شہیداں تک آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر میرپور سید عمران عباس نقوی، ایس ایس پی میرپور خرم اقبال، منتظمِ اعلیٰ کورٹ چوہدری اختر، اسسٹنٹ کمشنر میرپور میاں حسام ساجد، کورٹ کے بچوں، مختلف سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات، اساتذہ، پولیس افسران و اہلکاران، سول سوسائٹی، صحافیوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے واک میں شرکت کی۔شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر شہدائے زلزلہ کی یاد، قدرتی آفات کے خطرات، حفاظتی تدابیر اور ہنگامی حالات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے حوالے سے آگاہی پیغامات درج تھے۔ اس موقع پر شہدائے زلزلہ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جبکہ سائرن بھی بجائے گئے۔آگاہی واک کا مقصد 8 اکتوبر 2005 کے زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کو یاد کرنا، قدرتی آفات کے ممکنہ خطرات کے بارے میں عوامی شعور اجاگر کرنا اور پیشگی تیاری، حفاظتی اقدامات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ذمہ دارانہ رویوں کو فروغ دینا تھا۔واک میں سابق ڈائریکٹر ریڈیو محمد شکیل، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سول ڈیفنس راجہ اشتیاق احمد، پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن ضلع میرپور کے صدر مرزا وجاہت بیگ، تحصیلدار میرپور چوہدری عمران یوسف، پروفیسر مسٹ راجہ رضوان اللہ خان، اسحاق چوہان، سینئر صحافیوں، انفارمیشن آفیسر خضر حیات، مفتی نذیر احمد قادری، مفتی محمد وسیم رضا، قاری محمد عارف، قاری محمد شاہد، کورٹ کے اساتذہ و اسٹاف، منتظمین اور دیگر متعلقہ شخصیات نے بھی شرکت کی۔واک کے اختتام پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ 8 اکتوبر 2005 کے شہداء آج بھی قوم کے دلوں میں زندہ ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ قومی یومِ آگاہی برائے آفات منانے کا بنیادی مقصد عوام کو قدرتی آفات کے ممکنہ خطرات، حفاظتی اقدامات اور ہنگامی حالات میں محفوظ طرزِ عمل سے آگاہ کرنا ہے تاکہ جانی و مالی نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔مقررین نے کہا کہ قدرتی آفات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے پیشگی منصوبہ بندی، مؤثر تربیت، بروقت ردعمل اور عوامی سطح پر شعور کی بیداری ناگزیر ہے۔ بالخصوص تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات کو ہنگامی حالات میں محفوظ رہنے اور آفات سے نمٹنے کے عملی طریقۂ کار سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہےانہوں نے میرپور میں کورٹ سمیت مختلف فلاحی اداروں کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان اداروں نے زلزلے کے بعد بحالی، تعلیم، کفالت، بچوں کی پرورش اور معاشرے کے مستحق طبقات کی معاونت میں قابلِ قدر کردار ادا کیا۔ مقررین کے مطابق میرپور کے فلاحی اداروں کی انسانیت کی خدمت کے لیے کاوشیں قابلِ تقلید ہیں۔تقریب کے اختتام پر شہدائے زلزلہ کے درجات کی بلندی، متاثرین اور ان کے لواحقین کے لیے صبر و استقامت اور ملک و خطے کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قدرتی آفات کے حوالے سے عوامی آگاہی، حفاظتی تدابیر اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاری کو فروغ دینے کے لیے آگاہی سرگرمیوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔