سعودی عرب کے دو ہوائی اڈوں پر حملے، 3 افراد زخمی
ریاض: سعودی عرب نے کہا ہے کہ ملک کے جنوبی حصے میں واقع دو ہوائی اڈوں کو نشانہ بنانے والے حملوں میں تین افراد معمولی زخمی ہوئے جبکہ املاک کو بھی نقصان پہنچا۔سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (GACA) کے مطابق حملہ آوروں نے جازان کے کنگ عبداللہ بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور نجران انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔اتھارٹی کے مطابق ہنگامی ٹیموں اور متعلقہ اداروں نے منظور شدہ طریقہ کار کے تحت فوری کارروائی کی۔ حملوں میں زخمی ہونے والے تینوں افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ بعض تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا۔سعودی حکام نے حملوں کے ذمہ داروں کی نشاندہی نہیں کی، تاہم یمن کے حوثیوں نے ایک روز قبل سعودی عرب میں میزائل اور ڈرون حملوں کی ایک سیریز کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ حوثیوں کے مطابق جازان اور نجران میں حساس تنصیبات کے علاوہ ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، ابہا ایئرپورٹ، رابغ میں آرامکو کی ایک ریفائنری اور بعض فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔سعودی عرب نے پیر کو شہری اور اقتصادی تنصیبات پر حوثیوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے فوجی کشیدگی میں اضافے کی کوشش قرار دیا۔اردن اور خلیجی تعاون کونسل (GCC) نے بھی سعودی عرب میں شہری تنصیبات اور دو ہوائی اڈوں پر حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔اردن کے وزیر خارجہ ایمن الصفدی نے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری، استحکام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ریاض کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کی حمایت کی۔اردنی وزیر خارجہ نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سمیت شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوششوں کی بھی مذمت کی۔دوسری جانب خلیجی تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے جازان اور نجران کے ہوائی اڈوں پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں خطرناک کشیدگی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری تنصیبات اور ہوائی اڈوں پر حملے شہریوں اور فضائی آمدورفت کے لیے براہِ راست خطرہ ہیں۔سعودی عرب کی قیادت میں یمن میں سرگرم اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فورسز نے شمال مغربی یمن کے صوبہ صعدہ میں ایک پہاڑی علاقے میں قائم اسلحے کے ذخیرے کو تباہ کردیا، جہاں تقریباً 20 بیلسٹک میزائل موجود تھے۔اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی کے مطابق کارروائی میں یمن کے دارالحکومت صنعاء میں ایک بیلسٹک میزائل لانچنگ سائٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ اس سے قبل مغربی یمن کے ساحلی صوبے الحدیدہ میں بھی حوثی اہداف کے خلاف کارروائی کی گئی، جس میں اسلحے کے گودام، دھماکہ خیز مواد سے لیس کشتیوں کے ذخیرے اور بحری بارودی سرنگوں کے مقامات کو تباہ کیا گیا۔