قانون کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی میں وکلاء کا کردار کلیدی ہے وزیراعظم آزاد کشمیر

وزیر اعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ وکلاء کا معاشرے میں قانون کے احترام اور شہریوں میں اپنے بنیادی و قانونی حقوق کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ہے۔ وکلاء برادری کا مؤثر کردار ایک مضبوط اور جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے۔ حکومت کی ترجیحات میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، گڈ گورننس اور عوام کو بہتر سروس ڈلیوری کی فراہمی شامل ہے۔خواتین وکلاء بھی قانونی شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا مؤثر مظاہرہ کر رہی ہیں اور خواتین کے قانونی حقوق، انسانی حقوق اور انصاف کی فراہمی کے حوالے سے اہم خدمات انجام دے رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم آزاد کشمیر نے خواتین وکلاء کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں افشاں سعید چوہدری، صبیحہ زہرا، قراۃ العین تقدیس، فصیحہ ایڈووکیٹ اور رومانہ ایڈووکیٹ شامل تھیں۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ وکلاء برادری کسی بھی معاشرے میں قانون کی بالادستی، آئین کی پاسداری اور انصاف کی فراہمی کے نظام کا بنیادی حصہ ہے۔ وکلاء نہ صرف عدالتوں میں شہریوں کے حقوق اور قانونی مفادات کا دفاع کرتے ہیں بلکہ معاشرتی انصاف کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ حکومت کا مشن عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا اور سرکاری اداروں کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانا ہے۔ اس حوالے سے سروس ڈلیوری کے نظام میں بہتری اور انتظامی امور کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت عوامی مسائل کے حل اور آزاد کشمیر کو ترقی و خوشحالی کی نئی راہ پر گامزن کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ حکومت عملی اقدامات اور نتائج پر یقین رکھتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے