جماعت اسلامی کا لانگ مارچ مؤخر، وزیراعظم سے ملاقات تک ملتان میں قیام کا اعلان
ملتان: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اسلام آباد مارچ کے اگلے مرحلے کو مؤخر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات تک جماعت اسلامی ملتان میں قیام کرے گی۔ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ان سے رابطہ کرکے اسلام آباد مارچ مؤخر کرنے کی درخواست کی اور جماعت اسلامی کی قیادت کو مذاکرات کی دعوت دی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات ضرور ہوگی، تاہم بات چیت وزیراعظم شہباز شریف کی پاکستان واپسی کے بعد ہوگی۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات تک ملتان میں جماعت اسلامی کا دھرنا جاری رہے گا اور احتجاجی تحریک سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حالات کچھ بھی ہوں، جماعت اسلامی اپنی تحریک اور دھرنے جاری رکھے گی۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عوام کو دیا جانے والا ریلیف ناکافی ہے، جبکہ جماعت اسلامی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور پٹرولیم لیوی کے خاتمے کا مطالبہ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پٹرول کی قیمتیں کم کرنے کے لیے حکومت کو متعدد تجاویز دی ہیں، تاہم حکام کا مؤقف ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام کے تحت کیے گئے وعدوں کے باعث پٹرولیم لیوی میں کمی نہیں کی جا سکتی۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی حکومت سے تحریری یقین دہانیاں حاصل کرے گی، جس کے بعد مستقبل کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مارچ سے قبل وفاقی وزرا کے ساتھ کئی ادوار میں مذاکرات بھی ہو چکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں جماعت اسلامی کی احتجاجی مہم کے نتیجے میں حکومت پر دباؤ بڑھا، 510 مقامات پر دھرنے دیے گئے جبکہ مہنگے پٹرول اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال بھی کی گئی۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں، بلکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور اخراجات کے باعث عوام کو ریلیف دلانا مقصد ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت سے مذاکرات کے ساتھ احتجاجی تحریک بھی جاری رکھی جائے گی۔وزیراعظم شہباز شریف نے حافظ نعیم الرحمان سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے اسلام آباد میں دھرنا مؤخر کرنے کی درخواست کیوزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود حکومت کم آمدن اور متوسط طبقے کو پٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے ریلیف فراہم کر رہی ہے اور عوام کو ممکنہ حد تک مزید ریلیف دینے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔وزیراعظم آفس کے مطابق حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعظم کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی دھرنا مؤخر کرنے پر غور کر رہی ہے۔بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے وزیراعظم کی پاکستان واپسی کے بعد ملاقات اور معاملے پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔