مشرق وسطیٰ میں کشیدگی روکنے کیلئے سفارتی کوششیں تیز کی جائیں، پاکستان
اسلام آباد: پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں مزید کشیدگی کو روکنے کے لیے فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور سفارتی کوششیں تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان خطے کی بگڑتی ہوئی سکیورٹی صورتحال، حوثی حملوں اور ان کے علاقائی امن، سمندری آمدورفت اور عالمی توانائی کی فراہمی پر ممکنہ اثرات کے حوالے سے گہری تشویش رکھتا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی مبینہ ڈرون کارروائی کی شدید مذمت کی۔ پاکستان نے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور حرمین شریفین کے تحفظ و تقدس کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے 13 ستمبر کو سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان سے ٹیلیفون پر گفتگو میں بھی سعودی عرب سے یکجہتی اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کی حمایت دہرائی۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے سعودی عرب اور ایران دونوں کے ساتھ آزاد اور دیرینہ تعلقات ہیں اور اسلام آباد ایک ملک کے ساتھ اپنے تعلقات کو دوسرے ملک کے تناظر میں نہیں دیکھتا۔ ان کے مطابق دونوں ممالک کے ساتھ پاکستان کے روابط نے علاقائی کشیدگی کم کرنے اور سفارتی کوششوں میں کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کیے ہیں۔ پاکستان نے 15 ستمبر کو اپنی خصوصی اقتصادی حدود میں بھارتی بحریہ کے ایک جہاز کی مبینہ اشتعال انگیز نقل و حرکت پر بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نیوی کی مشق کے دوران بھارتی بحری جہاز نے پاکستانی بحری جہاز کے انتہائی قریب خطرناک انداز میں نقل و حرکت کی، جس کے نتیجے میں دونوں جہازوں کے درمیان رابطہ ہوا۔ پاکستان نے بھارتی ناظم الامور کو طلب کرکے واقعے کو بین الاقوامی قانون اور 1991 کے دوطرفہ معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا۔ پاکستان نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرے اور بین الاقوامی قانون سمیت دوطرفہ معاہدوں کی مکمل پاسداری یقینی بنائے۔ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو بھی بھارتی وزارت خارجہ کے سامنے باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پاکستان نے پاک چین باؤنڈری جوائنٹ کمیشن اور 1963 کے پاک چین سرحدی معاہدے پر بھارت کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سرحدی تعاون کا یہ طریقہ کار فعال ہوچکا ہے۔ پاکستان اور چین نے 16 ستمبر کو پاک چین باؤنڈری جوائنٹ کمیشن کو باضابطہ طور پر فعال کیا، جس کا افتتاحی اجلاس وزارت خارجہ اسلام آباد میں ہوا۔ کمیشن سرحدی انتظام، مشترکہ سروے، تجارت میں سہولت اور عوامی روابط کے فروغ پر کام کرے گا۔ دفتر خارجہ نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی نوعیت واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان 7 اگست کو طے پانے والا معاہدہ علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ہے۔ ترجمان کے مطابق معاہدہ دفاعی نوعیت رکھتا ہے اور اس کا مقصد خطے میں امن و سلامتی کے لیے تعاون بڑھانا ہے۔ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ افغانستان کے ساتھ تجارت، ٹرانزٹ، رابطوں اور ویزا سہولیات میں پیش رفت کا تعلق افغان سرزمین سے دہشت گردی کے خاتمے کی ضرورت سے جڑا ہوا ہے۔ اسلام آباد نے براہ راست مذاکرات کے علاوہ قطر، ترکیہ اور چین کے ذریعے سفارتی رابطے بھی کیے ہیں اور کابل سے دہشت گردی کی روک تھام کے حوالے سے قابلِ اعتماد یقین دہانیوں کا خواہاں ہے۔پاکستان نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ جو افغان میڈیکل اور ڈینٹل طلبہ درست پاکستانی ویزوں کے حامل اور منظور شدہ تعلیمی پروگراموں میں زیر تعلیم ہیں، ان کے بارے میں ویزا اور تعلیمی حیثیت قواعد کے مطابق دیکھی جائے گی۔ دفتر خارجہ کے مطابق 13 ستمبر کو عمان کے قریب ایک بحری جہاز پر حملے کے بعد سوار 23 پاکستانی عملے کے ارکان میں سے 22 کو بحفاظت بچا لیا گیا، جبکہ ایک پاکستانی شہری تاحال لاپتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ لاپتا شخص کی ہلاکت کی تصدیق قبل از وقت ہوگی اور اس کے لیے مزید تصدیق، جس میں ڈی این اے ٹیسٹ بھی شامل ہوسکتا ہے، درکار ہے۔ محفوظ افراد کو متحدہ عرب امارات کے ذریعے پاکستان واپس لایا جا رہا ہے۔ پاکستان نے فلسطین کے مسئلے کے حل کے لیے دو ریاستی فارمولے کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک آزاد فلسطینی ریاست 4 جون 1967 کی سرحدوں کے مطابق قائم ہونی چاہیے اور اس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہونا چاہیے۔ دفتر خارجہ نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے انسانی امداد، تعمیر نو اور پائیدار سیاسی حل پر زور دیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف آئندہ ہفتے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے اعلیٰ سطحی حصے میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم علاقائی و عالمی امن، پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی، انسداد دہشت گردی، اسلاموفوبیا، عالمی معاشی چیلنجز، اقوام متحدہ کی اصلاحات اور عالمی جنوب کو درپیش مسائل سمیت مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے معاملات پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔ پاکستان کی شنگھائی تعاون تنظیم کے علاقائی انسداد دہشت گردی ڈھانچے (SCO-RATS) کی صدارت 46ویں کونسل کے اجلاس کے بعد مکمل ہوگئی۔ اجلاس میں معلومات کے تبادلے اور 2027 کے لیے مشترکہ انسداد دہشت گردی سرگرمیوں کو مزید بہتر بنانے سے متعلق اقدامات کی توثیق کی گئی۔ دفتر خارجہ نے سیکریٹری خارجہ سفیر امنا بلوچ کی تین دہائیوں سے زائد پر محیط سفارتی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ ترجمان نے کہا کہ سفیر امنا بلوچ نے پیشہ ورانہ صلاحیت، عزم اور قیادت کے ذریعے پاکستان کی خارجہ پالیسی اور سفارتی سروس میں اہم خدمات انجام دیں۔