ٹمبر مافیا اور لکڑی چوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی، سیاسی دباؤ برداشت نہ کرنے کا حکم
محکمہ جنگلات، وائلڈ لائف و فشریز آزاد کشمیر نے جنگلات کے تحفظ، غیر قانونی کٹائی اور لکڑی کی اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ٹمبر مافیا، لکڑی چوروں اور غیر قانونی کٹائی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت کردی۔وزیر جنگلات، وائلڈ لائف و فشریز وقار احمد نور کی زیرصدارت کانفرنس ہال میں محکمہ جنگلات کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمانہ کارکردگی، جنگلات کے تحفظ، وائلڈ لائف و فشریز کے ترقیاتی منصوبوں، شجرکاری مہمات اور فیلڈ اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیر جنگلات نے ہدایت کی کہ چیک پوسٹوں پر کسی قسم کا سیاسی یا سفارشی دباؤ برداشت نہ کیا جائے، جبکہ غیر قانونی لکڑی کی نقل و حمل پر فوری مقدمات درج کیے جائیں۔ انہوں نے لکڑی کی شفاف نکاسی کے لیے ٹینڈرنگ نظام پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔وقار احمد نور نے واضح کیا کہ جنگلات قومی اثاثہ ہیں اور انہیں نقصان پہنچانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کارروائی صرف جرمانوں تک محدود نہیں رکھی جائے گی بلکہ قانون کے تحت ملزمان کو سزائیں اور قید بھی دلائی جائے گی۔انہوں نے محکمہ جنگلات کے قانونی شعبے اور چھاپہ مار ڈویژن کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے خصوصی بریفنگز منعقد کرنے کی ہدایت بھی کی۔اجلاس میں متعلقہ افسران نے وزیر جنگلات کو جاری اور تجویز کردہ ترقیاتی منصوبوں، شجرکاری مہمات اور جنگلات کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔وزیر جنگلات نے ہدایت کی کہ تمام فاریسٹ گارڈز فاریسٹ گارڈ بک کے مطابق اپنے فیلڈ وزٹس یقینی بنائیں، جبکہ ڈی ایف اوز دفاتر میں محدود رہنے کے بجائے فیلڈ میں زیادہ وقت گزاریں اور افسران خود جنگلات کی براہ راست نگرانی کریں۔اجلاس میں محکمہ جنگلات اور وائلڈ لائف کے درمیان مؤثر رابطے اور مشترکہ اقدامات یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔جنگلاتی اراضی کے تحفظ کے لیے جی پی ایس کے ذریعے حدبندی، جنگلات میں آگ کی بروقت نشاندہی اور روک تھام کے لیے جدید آلات و سیٹلائٹ مانیٹرنگ نظام، جبکہ فیلڈ اسٹاف کے باہمی رابطے کے لیے وائرلیس کمیونیکیشن سسٹم کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر جنگلات نے کہا کہ آئندہ دو ماہ کے دوران محکمہ جنگلات کی کارکردگی اور فیلڈ سرگرمیوں کی سخت مانیٹرنگ کی جائے گی۔ انہوں نے افسران و اہلکاروں کو اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری سے ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جنگلات کے تحفظ میں غفلت، غیر قانونی کٹائی یا اسمگلنگ کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سرسبز و شاداب آزاد کشمیر کی حفاظت اور قدرتی وسائل کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیر جنگلات نے جنگلات کی کٹائی کی روک تھام، جنگلی حیات کے تحفظ اور فشریز سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے سخت اقدامات اٹھانے کی تاکید کی۔انہوں نے تمام جاری منصوبوں کو شفافیت کے ساتھ مقررہ وقت پر مکمل کرنے اور محکمانہ امور میں مزید بہتری کے لیے افسران کو فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت بھی کی۔اجلاس میں سیکرٹری جنگلات چوہدری محمد فرید، ناظم اعلیٰ جنگلات پرنسپل ڈاکٹر سردار افتخار احمد، ناظم اعلیٰ جنگلات علاقائی ملک اسد محمود، پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر ذاکر حسین، ناظم جنگلات میر نصیر، چیف پلاننگ آفیسر جنگلات سید عتیق الرحمن شیرازی، ناظم جنگلات ارتضیٰ قریشی، ناظم جنگلات سید مظہر نقوی، ناظم جنگلات سید مفسر گیلانی، ناظم جنگلات ارشد خان، ناظم جنگلات بلال اعوان سمیت آزاد کشمیر بھر سے تمام مہتممان جنگلات (ڈی ایف اوز) اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔