وسیم اکرم کا اہلیہ ہما کی آخری سفر سے متعلق دردناک انکشاف، ماضی کی مشکلات یاد کر کے آبدیدہ
کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ’سلطانِ سوئنگ‘ وسیم اکرم نے اپنی مرحوم اہلیہ ہما اکرم کی بیماری اور آخری ایام سے متعلق ایک دردناک واقعہ بیان کیا ہے، جس نے سوشل میڈیا صارفین کو بھی جذباتی کر دیا۔وسیم اکرم کے مطابق 2009 میں ہما اکرم لاہور کے ایک ہسپتال میں شدید علیل تھیں، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی تشویش ناک حالت کے پیش نظر فوری طور پر سنگاپور منتقل کرنے کا مشورہ دیا۔سابق کپتان نے بتایا کہ اس وقت انہیں شدید مالی مشکلات کا سامنا تھا اور ایئر ایمبولینس کے بھاری اخراجات کے لیے ان کے پاس مطلوبہ نقد رقم موجود نہیں تھی۔وسیم اکرم کے مطابق 2003 میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد ان کے پاس تقریباً 48 لاکھ روپے نقد اور ایک پلاٹ تھا، جس کے باعث وہ اس مشکل وقت میں شدید مالی اور ذہنی دباؤ کا شکار رہے۔انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں کسی طرح ایئر ایمبولینس کا انتظام کیا گیا اور ہما کو سنگاپور منتقل کرنے کے لیے طیارے میں لے جایا گیا، تاہم دورانِ سفر ان کی طبیعت مزید بگڑ گئی۔طبی ایمرجنسی کے باعث ایئر ایمبولینس کو بھارت کے شہر چنئی میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی، جہاں ہما اکرم زندگی کی بازی ہار گئیں۔وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ یہ ان کی زندگی کے مشکل ترین لمحات میں سے ایک تھا۔ ان کے اس دردناک بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا، جبکہ متعدد صارفین کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفصیلات سن کر ان کی آنکھوں میں بھی آنسو آگئے۔