. حملوں کا اثر، سعودی عرب نے خام تیل کی اہم پائپ لائن عارضی طور پر بند کردی

سعودی عرب نے ریاض اور مدینہ کے علاقوں میں ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن پر متعدد حملوں کے بعد اسے حفاظتی اقدام کے طور پر عارضی طور پر بند کردیا۔عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارتِ توانائی نے بتایا کہ حملوں کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔وزارتِ توانائی کے ایک عہدیدار نے سعودی پریس ایجنسی کو بتایا کہ حملوں کے فوراً بعد ہنگامی اور خصوصی تکنیکی ٹیموں نے پائپ لائن کی حفاظت یقینی بنانے اور اس کی موجودہ حالت کا جائزہ لینے کے لیے کام شروع کردیا۔عہدیدار کے مطابق پائپ لائن کی بندش اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک ضروری کام مکمل نہیں ہوجاتا۔ متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں منظور شدہ حفاظتی طریقہ کار اور ہنگامی منصوبوں کے تحت ضروری اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ایسٹ ویسٹ پائپ لائن سعودی عرب کے مشرقی تیل پیدا کرنے والے علاقوں سے خام تیل بحیرہ احمر کی بندرگاہ ینبع تک منتقل کرتی ہے۔ یہ پائپ لائن آبنائے ہرمز کو بائی پاس کرنے کا ایک اہم ذریعہ بھی ہے، جس کی وجہ سے موجودہ علاقائی کشیدگی کے دوران اس کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔سعودی وزارتِ توانائی نے پائپ لائن دوبارہ کھولنے کے لیے کوئی حتمی وقت نہیں بتایا۔ وزارت کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے مزید پیش رفت سے مناسب وقت پر آگاہ کیا جائے گا۔واضح رہے کہ اسرائیل اور امریکا کی جانب سے جنگ کے بعد ایران نے سعودی عرب میں متعدد اہداف کو نشانہ بنایا، جبکہ حوثیوں نے بھی حالیہ دنوں میں مختلف حملوں کے دوران تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے