لیگی رہنما فراڈ کا شکار،18 لاکھ کی گاڑی ٹمپرڈ نکلی،مریم نواز سے نوٹس کی اپیل
مظفرآباد:آزادکشمیر کے رہائشی اور مسلم لیگ (ن) حلقہ کھاوڑہ کے معروف رہنما راجہ مختار لاہور میں مبینہ طور پر گاڑی کے فراڈ کا شکار ہوگئے، ملزمان ان سے 18 لاکھ روپے وصول کرکے فرار ہوگئے۔ راجہ مختار نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے واقعے کا نوٹس لینے اور پنجاب پولیس کو کارروائی کی ہدایت دینے کی اپیل کردی۔ذرائع کے مطابق راجہ مختار ایک گاڑی خریدنے کے لیے لاہور پہنچے تھے، جہاں انہوں نے سوشل میڈیا ویب سائٹ او ایل ایکس پر 18 لاکھ روپے مالیت کی گاڑی کا اشتہار دیکھا تھا۔ لاہور پہنچنے پر انہیں گاڑی دکھائی گئی اور اس کے تمام کاغذات بھی فراہم کیے گئے، جو بظاہر اصل تھے۔راجہ مختار کے مطابق گاڑی خریدنے کے بعد جب وہ لاہور سے روانہ ہوئے تو راستے میں پولیس نے گاڑی کی چیکنگ کی، جس کے دوران گاڑی ٹمپرڈ نکلی۔ انہوں نے فوری طور پر لاہور میں موجود اپنے ایک دوست کو طلب کیا اور گاڑی کے کاغذات کی دوبارہ جانچ کروائی تو دستاویزات درست پائی گئیں، تاہم گاڑی کا چیسز نمبر جعلی نکلا۔پولیس نے گاڑی قبضے میں لے کر تھانے منتقل کردی، جبکہ راجہ مختار کا کہنا ہے کہ انہوں نے گاڑی خریدنے کے لیے بڑی مشکل سے 18 لاکھ روپے جمع کیے تھے، مگر گزشتہ دو سال سے انصاف کے حصول کے لیے لاہور کے چکر لگا رہے ہیں اور پولیس کی جانب سے خاطر خواہ تعاون نہیں کیا جا رہا۔راجہ مختار نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اپیل کی ہے کہ وہ معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے پنجاب پولیس کو خصوصی ہدایات جاری کریں تاکہ فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی ہو اور انہیں رقم کے نقصان کا ازالہ دلانے سمیت انصاف فراہم کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ وہ مسلم لیگ (ن) کے کارکن ہیں اور راجہ ثاقب مجید کی کامیابی اور انتخابی مہم میں بھی بھرپور کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ ان کے مطابق راجہ ثاقب مجید بھی معاملے سے آگاہ ہیں اور مسئلے کے حل کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔
