فیلڈمارشل کی استنبول میں اہم ملاقاتیں، دفاعی تعاون اور علاقائی سیکیورٹی پر تبادلہ خیال
استنبول: آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترکیہ کے دورے کے دوران اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں اور مشترکہ دفاع کے لیے ’’مکہ معاہدے‘‘ کے تحت قائم اسٹریٹجک، سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے استنبول میں سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان، وزیر قومی دفاع یاشار گولر اور ترک چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوک بائرکتاروغلو سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی تعاون اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ اسٹریٹجک شراکت داری اور دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب پر مشتمل ’’مکہ معاہدے‘‘ کے تحت قائم اسٹریٹجک، سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت کی۔ اجلاس میں تینوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔پاک فوج کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی یہ ملاقاتیں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات اور بڑھتے ہوئے اسٹریٹجک و دفاعی تعاون کی عکاس ہیں۔