کیلیفورنیا میں دو بھارتی خواتین کا قتل، پولیس تفتیش میں مشترکہ سہیلی سے متعلق حیران کن انکشافات

کیلیفورنیا: امریکی ریاست کیلیفورنیا میں کیرالہ سے تعلق رکھنے والی دو خواتین کو الگ الگ واقعات میں قتل کردیا گیا، جبکہ پولیس تفتیش کے دوران ایک ہی اپارٹمنٹ کمپلیکس میں رہنے والی ان کی مشترکہ سہیلی کو حراست میں لیا گیا ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق واقعہ 28 اگست کو کیلیفورنیا کے شہر ملپٹاس میں پیش آیا۔ مقتولین کی شناخت 40 سالہ این میری میتھیو اور 35 سالہ انجانا ہری کے نام سے ہوئی ہے، جو گہری دوست تھیں اور کیرالہ کے دارالحکومت سے تعلق رکھتی تھیں۔پولیس کو پہلے واقعے کی اطلاع ڈکسن لینڈنگ روڈ کے قریب ہٹ اینڈ رن کے طور پر ملی۔ اپارٹمنٹ کمپلیکس کی پارکنگ میں ایک خاتون شدید زخمی حالت میں پائی گئی، جو بعد میں دورانِ علاج دم توڑ گئیں۔ عینی شاہدین کے مطابق ایک نیلی ایس یو وی خاتون کو ٹکر مارنے کے بعد موقع سے فرار ہوگئی۔پولیس نے بعدازاں گاڑی کو قریبی پارکنگ سے تلاش کرلیا اور اس کی 32 سالہ ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔ زیر حراست خاتون کی شناخت انیلا کے نام سے ہوئی، جس کا تعلق بھی کیرالہ سے ہے۔دوسری جانب اسی دوران 40 سالہ این میری میتھیو کو ان کے اپارٹمنٹ کے اندر چاقو کے وار کرکے قتل کیے جانے کا واقعہ سامنے آیا۔ تفتیش آگے بڑھی تو معلوم ہوا کہ این میری میتھیو، ٹریفک حادثے میں ہلاک ہونے والی انجانا ہری کی دوست تھیں۔دونوں واقعات میں ایک ہی شخص کے ملوث ہونے کے شبہے پر پولیس نے انیلا سے مزید پوچھ گچھ کی۔ پولیس کے مطابق انیلا دونوں مقتول خواتین کی مشترکہ دوست تھی اور اپنے خاندان کے ہمراہ اسی اپارٹمنٹ کمپلیکس میں رہتی تھی۔تاہم پولیس نے تاحال یہ باضابطہ طور پر واضح نہیں کیا کہ دونوں خواتین کے قتل میں انیلا کا مبینہ کردار کیا تھا۔ قتل کی وجہ اور مبینہ محرک بھی ابھی سامنے نہیں آسکا۔رپورٹس کے مطابق واقعے سے چند روز قبل تینوں خواتین نے اپنے خاندانوں کے ہمراہ اونم کا تہوار بھی منایا تھا۔پولیس نے دونوں واقعات کو قتل کے مقدمات کے طور پر تفتیش میں شامل کرلیا ہے، جبکہ تحقیقاتی ادارے واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ پولیس کی جانب سے تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے