پاک چین تجارت میں بڑا اضافہ، خنجراب پاس سے 15 ارب روپے کی درآمدی آمدن ریکارڈ
گلگت بلتستان میں خنجراب پاس کے ذریعے پاک چین تجارت اور پاکستانی برآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے چین اور وسطی ایشیائی ممالک کی منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی بڑھنے لگی ہے۔پاکستان کسٹمز کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران خنجراب پاس کے ذریعے چین سے درآمدات پر ریکارڈ 15 ارب روپے ریونیو حاصل ہوا، جبکہ گزشتہ مالی سال کے دوران اسی راستے سے 13.67 ارب روپے جمع ہوئے تھے۔پاکستان کسٹمز کے مطابق خنجراب پاس کے ذریعے چین اور وسطی ایشیائی ممالک کو 2.8 ارب روپے مالیت کی پاکستانی اشیا بھی برآمد کی گئیں۔حکام کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹس انٹرنیشنل روٹیئرز (ٹی آئی آر) نظام کے تحت چین اور وسطی ایشیائی ممالک کو پاکستانی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ٹی آئی آر ایک عالمی نظام ہے، جس کے ذریعے مختلف ممالک کے درمیان تجارتی سامان کی نقل و حمل کو زیادہ تیز، محفوظ اور آسان بنایا جاتا ہے۔پاکستان کسٹمز کے مطابق خنجراب پاس کے راستے برآمد کی جانے والی اشیا میں جراحی کا سامان، ملبوسات، چاول، چمڑے کی مصنوعات، قالین، پھل، سبزیاں اور دستکاری شامل ہیں۔بیان کے مطابق خنجراب پاس پر درآمدی اشیا کی سخت جانچ اور مشترکہ نظام کے ذریعے اسمگلنگ کی روک تھام کو بھی مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔پاکستان کسٹمز کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی تجارتی سرگرمیوں کے نتیجے میں عالمی منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی میں اضافہ ہورہا ہے، جس سے پاکستان اور چین سمیت وسطی ایشیائی ممالک کے درمیان تجارتی روابط مزید مستحکم ہونے کی راہ ہموار ہورہی ہے۔