آزاد کشمیر اسمبلی میں ن لیگ کو واضح برتری، حکومت سازی کا اگلا مرحلہ شروع
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں مخصوص نشستوں کے نتائج کے بعد مسلم لیگ ن نے حکومت سازی کے لیے اپنی پوزیشن مزید مضبوط کرلی ہے، جبکہ وزیراعظم کے انتخاب کی تیاریاں بھی تیز کردی گئی ہیں۔8 مخصوص نشستوں میں سے 6 نشستیں مسلم لیگ ن کے حصے میں آئیں۔ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر ن لیگ کے بیرسٹر افتخار گیلانی 26 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار ذوالفقار علی نے 12 ووٹ حاصل کیے۔علماء و مشائخ کی مخصوص نشست پر بھی مسلم لیگ ن کے محمد مظہر سعید نے 26 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی، جبکہ پیپلز پارٹی کے حافظ طارق کو 12 ووٹ ملے۔خواتین کی 5 مخصوص نشستوں میں سے 3 پر مسلم لیگ ن کی امیدوار کامیاب ہوئیں۔ مریم زمان، مریم ادریس اور سحرش قمر نے کامیابی حاصل کی، جبکہ پیپلز پارٹی کی فرزانہ یعقوب اور زوبیہ خورشید راجہ بھی خواتین کی مخصوص نشستوں پر منتخب ہوگئیں۔مخصوص نشستوں کے نتائج کے بعد مسلم لیگ ن کے ارکان کی تعداد 32 جبکہ پیپلز پارٹی کے ارکان کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔ مسلم لیگ ن کے 25 ووٹ جبکہ اتحادی ووٹ کے ساتھ مجموعی تعداد 26 ووٹ بنتی ہے۔اوورسیز نشست پر عبدالرحمان آرائیں پہلے ہی بلا مقابلہ رکن اسمبلی منتخب ہوچکے ہیں۔مخصوص نشستوں کے نتائج کے بعد آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں مسلم لیگ ن کو واضح عددی برتری حاصل ہوگئی ہے، جس کے بعد حکومت سازی کے مرحلے میں پیش رفت شروع کردی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے انتخاب کی تیاریاں بھی تیز کردی گئی ہیں اور مخصوص نشستوں پر کامیابی کے بعد مسلم لیگ ن کی حکومت بنانے کی پوزیشن مزید مستحکم ہوگئی ہے۔