پاک فوج کے دستوں کی سعودیہ روانگی، حرمین شریفین کے تحفظ کا عزم
راولپنڈی: پاک فوج کے جوانوں کی دفاعی تعاون کے لیے سعودی عرب روانگی کے حوالے سے پروقار تقریب ہوئی، حرمین شریفین کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق پاک فوج کے دستوں کی سعودیہ روانگی کے لیے الوداعی تقریب میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، اس موقع پر سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقامی، پاک فوج کے چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری اور کمانڈر لاہور کور لیفٹیننٹ جنرل محمد عمر بشیربھی موجود تھے۔بیان میں بتایا گیا کہ فوجی دستوں کی یہ تعیناتی مملکتِ سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہے، جو دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ سٹریٹجک شراکت داری اور برادرانہ تعلقات پر مبنی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان مملکتِ سعودی عرب کی سلامتی اور حرمین شریفین کے تقدس کے تحفظ کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔یہ فوجی دستے طے شدہ ذمہ داریوں اور دفاعی تعاون کے پہلے سے طے شدہ فریم ورک کے تحت سعودی سرزمین پر اپنے فرائض انجام دیں گے، یہ تعیناتی خطے میں ابھرتے ہوئے سکیورٹی خدشات کے تناظر میں مملکتِ سعودی عرب کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس تقریب نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بھائی چارے، باہمی اعتماد اور اسٹریٹجک تعاون کے دیرینہ رشتوں کو اجاگر کیا، جبکہ اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے مملکتِ سعودی عرب کے ساتھ کھڑے رہنے کے پاکستان کے پختہ عزم کا بھی اعادہ کیا۔