حکومت کا پی ٹی آئی کے بغیر انتخابی اصلاحات کمیٹی تشکیل دینے کا عندیہ
اسلام ٓآباد:انتخابی اصلاحات کمیٹی کی تشکیل پر حکومت اور پی ٹی آئی میں ڈیڈلاک برقرار ہے، حکومت نے پی ٹی آئی کے بغیر انتخابی اصلاحات کمیٹی تشکیل دینے کا عندیہ دیدیا۔حکومتی چیف وہپ طارق فضل چودھری اور اپوزیشن چیف وہپ عامرڈوگر کے درمیان تیسری ملاقات ہوئی، طارق فضل چودھری اور عامرڈوگر کی ملاقات میں انتخابی اصلاحات کمیٹی کی تشکیل پر تبادلہ خیال کیا گیا، انتخابی اصلاحات کمیٹی امور پر اتفاق نہ ہوسکا۔عامر ڈوگر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے تاحال انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شمولیت کا فیصلہ نہیں کیا، قیادت کی منظوری کے بغیر پارلیمانی کمیٹی کیلئے ازخود نام دینے کی پوزیشن میں نہیں ہوں۔طارق فضل چودھری کا کہنا تھا کہ حکومت پی ٹی آئی کا کمیٹی میں یکساں نمائندگی کا مطالبہ پہلے ہی مسترد کر چکی ہے، پی ٹی آئی واضح کرے کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شامل ہونا ہے یا نہیں، پی ٹی آئی کی شمولیت کے بغیر بھی انتخابی اصلاحات کمیٹی تشکیل دی جا سکتی ہے۔وفاقی وزیرنے کہا کہ پی ٹی آئی کے غیر سنجیدہ رویے سے انتخابی اصلاحات کمیٹی کی تشکیل میں تاخیر ہو رہی ہے، لگتا ہے پی ٹی آئی آئندہ انتخابات کے انعقاد کے معاملے پر سنجیدہ نہیں، پی ٹی آئی کے رویے کی وجہ سے کمیٹی کی تشکیل غیر معینہ مدت تک موخر نہیں کر سکتے۔۔