بارسلونا: سفیرِ پاکستان ڈاکٹر ظہور احمد کے اعزاز میں شاندار الوداعی تقریب و عشائیہ،کمیونٹی کی بھرپور شرکت
بارسلونا (ثاقب علی راٹھور )سفیرِ پاکستان برائے اسپین ڈاکٹر ظہور احمد صاحب کے اعزاز میں منعقدہ پُروقار الوداعی تقریب و عشائیہ گزشتہ روز خان نواب ریسٹورنٹ میں نہایت شاندار انداز میں منعقد ہوا۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پاکستان کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب کی صدارت قونصل جنرل آف پاکستان بارسلونا مراد علی وزیر نے کی، جبکہ میزبانی کے فرائض پاکستانی کمیونٹی کی معروف اور ہر دلعزیز کاروباری شخصیات میزبانان صدارتی ایوارڈ یافتہ بزنس مین چوہدری امانت حسین مہر، چوہدری اشفاق باغانوالہ، چوہدری شعیب ورک اور چوہدری بلال باسط وڑائچ نے انجام دئیے۔ چوہدری امانت حسین مہر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر ظہور احمد صرف سفیر نہیں ہمارے بڑے بھائی اور رہنما تھے۔ انہوں نے ہمیشہ غریب اور پریشان حال پاکستانی کا ہاتھ تھاما۔ آج ان کی جدائی پر دل بوجھل ہے۔ ڈاکٹر ظہور احمد ایک بااخلاق، ملنسار اور کمیونٹی سے محبت کرنے والے سفیر تھے۔ انہوں نے کہا کہ سفیر محترم نے ہمیشہ پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کو اپنا مسئلہ سمجھا اور ہر فورم پر ان کی آواز بنے۔ آج ہم انہیں الوداع کہہ رہے ہیں لیکن ان کی یادیں اور خدمات ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گی۔ چوہدری اشفاق باغانوالہ نے کہا کہ سفیر صاحب نے اسپین میں پاکستانی بزنس مین کو عزت دلائی۔ آج سے پہلے سفارت خانے کے دروازے اتنے کبھی نہیں کھلے تھے جتنے ان کے دور میں کھلے۔انکی کی قیادت میں پاکستانی سفارت خانے اور کمیونٹی کے درمیان فاصلے ختم ہوئے اور ایک مضبوط رشتہ قائم ہوا۔چوہدری شعیب ورک نے کہا کہ ڈاکٹر ظہور احمد نے ہماری نئی نسل کو پاکستان سے جوڑا۔ انہوں نے ہمیں بتایا کہ سبز پاسپورٹ ہماری پہچان ہے ہماری عزت ہے۔سفیر صاحب کی سادگی اور خلوص نے ہر دل کو جیت لیا آج پوری کمیونٹی ان کی شکر گزار ہے۔چوہدری بلال باسط وڑائچ نے کہا آج کا یہ مجمع اس بات کا گواہ ہے کہ سفیر صاحب نے سب کے دل جیت لیے۔ یہ تقریب نہیں یہ محبت کا اظہار ہے۔قونصل جنرل مراد علی وزیر نے صدارتی خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر ظہور احمد کے دور میں پاکستان اور اسپین کے تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچے۔ انہوں نے کہا سفیر صاحب کی قیادت میں سفارت خانہ اور قونصل خانہ ایک خاندان کی طرح کام کرتے رہے۔ کمیونٹی کے ہر مسئلے کو اپنا مسئلہ سمجھا گیا۔سفیر پاکستان ڈاکٹر ظہور نے اپنے خطاب میں کہا کہ کہ پاکستان کی عالمی سفارتکاری کا اصل مقصد بیرون ملک پاکستانیوں کا تحفظ ہے۔ پاکستان دنیا میں امن، دوستی اور بھائی چارے کا پیغام لے کر چل رہا ہے اور اسپین میں ہم نے اسی پیغام کو آگے بڑھایا۔سفیر پاکستان نے اسپین میں غیر معمولی ریگولرائزیشن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہزاروں پاکستانیوں کی زندگی بدلنے والا تاریخی موقع ہے۔انہوں نے کہا میں نے اسپین کی حکومت کے ساتھ ہر سطح پر بات کی ہے، تاکہ ہمارے پاکستانی بھائیوں کو ان کا حق ملے۔ سفارت خانے نے دن رات محنت کی کہ کسی پاکستانی کو غلط معلومات کی وجہ سے نقصان نہ ہو۔ کمیونٹی کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جعلی ایجنٹوں اور فراڈیوں سے بچیں، صرف قانونی راستہ اختیار کریں، اپنے کاغذات مکمل رکھیں اور سفارت خانے و قونصل خانے سے رابطے میں رہیں۔ڈاکٹر ظہور احمد نے کہا ریگولرائزیشن سے آپ کو نہ صرف قانونی تحفظ ملے گا بلکہ آپ کے بچوں کا مستقبل بھی محفوظ ہو جائے گا۔ آپ اسپین کی معیشت میں پہلے بھی ریڑھ کی ہڈی تھے اب قانونی حیثیت کے ساتھ آپ کا مقام اور بھی بلند ہوگا۔آخر میں انہوں نے نم آنکھوں سے کہا میں اسپین چھوڑ کر جا رہا ہوں لیکن اسپین کی پاکستانی کمیونٹی میرے دل سے کبھی نہیں نکلے گی۔ آپ سب میرے لیے دعا کریں، میں آپ کے لیے دعاگو رہوں گا۔تقریب کے اختتام پر شرکاء کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا گیا۔ شرکاء نے سفیر پاکستان کے ساتھ یادگاری تصاویر بنوائیں اور دیر تک محفل جاری رہی۔




