پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا دفاعی اتحاد، فوجی تعیناتی کا امکان

اسلام آباد: پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت ترکیہ سعودی عرب میں اپنے فوجی اہلکار تعینات کرنے کے لیے پارلیمنٹ سے منظوری حاصل کرے گا۔ترکیہ کی حکمران جماعت اے کے پارٹی کے ایک رکن پارلیمنٹ نے بدھ کو خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب میں ترک فوجی اہلکاروں کی تعیناتی کی اجازت دینے والا مینڈیٹ پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔رکن پارلیمنٹ نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ معاہدے کی توثیق سے متعلق بل کی منظوری کے بعد فوجی تعیناتی کا مینڈیٹ پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔ترکیہ نے اگست میں پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو منگل کے روز توثیق کے لیے پارلیمنٹ میں پیش کیا تھا۔ اس پیش رفت کے بعد نیٹو کی دوسری بڑی فوج رکھنے والا ترکیہ سعودی عرب کے ساتھ باضابطہ باہمی دفاعی تعاون کے معاہدے کے مزید قریب پہنچ گیا ہے، جسے حوثی حملوں کا سامنا ہے۔حکمران جماعت کے رکن پارلیمنٹ کے مطابق معاہدے کے تحت بیرونِ ملک تعینات کیے جانے والے ترک فوجی کسی بھی جارحانہ کارروائی میں حصہ نہیں لیں گے۔ ابتدائی طور پر تکنیکی عملہ اور ماہرین سعودی عرب بھیجے جائیں گے جو فضائی دفاع، الیکٹرانک وارفیئر ٹیکنالوجی اور دیگر دفاعی شعبوں میں معاونت فراہم کریں گے۔اس سے قبل دو ترک حکام نے رائٹرز کو بتایا تھا کہ اس معاہدے کے تحت ترکیہ کی شمولیت ممکنہ طور پر فوجی سازوسامان، انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے اور ہتھیاروں کے نظام تک محدود رہے گی اور اب تک اتحاد کے تحت کسی اور نوعیت کی فوجی تعیناتی عمل میں نہیں آئی۔ترکیہ نے حوثی حملوں کی مذمت بھی کی ہے اور بحیرۂ احمر میں بحری جہازوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کے لیے سعودی قیادت میں قائم اتحاد میں شامل ہونے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ایک روز قبل رائٹرز نے تین پارلیمانی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ ترکیہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدہ توثیق کے لیے پارلیمنٹ میں پیش کردیا ہے۔تینوں ممالک کے درمیان طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت ایک رکن ملک پر مسلح حملہ تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔معاہدے کی پہلی شق کے مطابق فریقین ایک دوسرے کی علاقائی سالمیت، خودمختاری یا بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ سرحدوں کو لاحق خطرات کے خاتمے کے لیے ’’تمام ضروری ذرائع‘‘ استعمال کریں گے۔معاہدے کی دوسری شق میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی ایک فریق پر کسی دوسرے ملک یا ممالک کے گروپ کی جانب سے مسلح حملہ یا فوجی جارحیت کی جاتی ہے تو دیگر فریق فوری طور پر حملے کا نشانہ بننے والے ملک کی مدد کریں گے اور باہمی معاونت کے لیے دستیاب تمام ذرائع استعمال کیے جائیں گے۔یہ شق نیٹو کے آرٹیکل 5 سے مماثلت رکھتی ہے اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کا حوالہ دیتی ہے، جس کے تحت ریاستوں کو مسلح حملے کی صورت میں انفرادی یا اجتماعی دفاع کا حق حاصل ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے