مظفرآباد: جنگلات کا تحفظ اولین ترجیح، ملازمین کو جدید تربیت دینے کی ہدایت

مظفرآباد: وزیر جنگلات، وائلڈ لائف و فشریز آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر وقار احمد نور نے محکمہ جنگلات کے ملازمین اور فیلڈ اسٹاف کو جدید پیشہ ورانہ و تکنیکی تربیت فراہم کرنے اور جنگلات کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ مرکزی دفتر جنگلات میں محکمہ جنگلات کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر جنگلات نے کہا کہ محکمہ کو مکمل طور پر پیشہ ورانہ بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے تمام ملازمین کو جدید پروفیشنل کورسز اور ریفریشر تربیت دی جائے۔ مہتمم جنگلات مرکزی دفتر اویس جاوید نے وزیر جنگلات کو محکمانہ امور کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وقار احمد نور نے کہا کہ محکمہ جنگلات ایک اہم اور تکنیکی محکمہ ہے، اس لیے عملے کی پیشہ ورانہ تربیت اور استعداد کار میں اضافہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فیلڈ اور انتظامی عملے کو جدید سائنسی بنیادوں پر ری فارسٹیشن، شجرکاری اور جنگلات کی افزائش کے طریقوں سے آگاہ کیا جائے جبکہ فاریسٹ ایکٹ، وائلڈ لائف پروٹیکشن قوانین اور تجاوزات کے خلاف قانونی کارروائی سے متعلق بھی مکمل تربیت فراہم کی جائے۔ وزیر جنگلات نے کہا کہ فیلڈ افسران اور عملے کو جدید میپنگ، جی آئی ایس اور جنگلات کے تحفظ کے لیے استعمال ہونے والے جدید آلات کے استعمال کی تربیت بھی دی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جنگلات اور قدرتی وسائل کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی بھی سطح پر غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملازمین کو پیشہ ورانہ طور پر لیس کرکے جنگلات کی کٹائی، آتش زدگی اور دیگر ناگہانی واقعات پر مؤثر قابو پانے کے ساتھ ریاست میں سبزے کے رقبے میں بھی اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ وزیر جنگلات نے افسران کو ہدایت کی کہ اپنی تمام تر توجہ جنگلات کی نگہداشت اور شجرکاری مہمات پر مرکوز رکھیں جبکہ دیگر انتظامی امور کو ثانوی حیثیت دی جائے۔ انہوں نے تمام اہلکاروں کو اپنی ذمہ داریاں ایمانداری، دیانت داری اور تندہی سے انجام دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فرائض میں غفلت یا کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں۔ اجلاس میں ناظم اعلیٰ جنگلات پرنسپل ڈاکٹر سردار افتخار احمد، ناظم اعلیٰ جنگلات علاقائی ملک اسد محمود، ناظم اعلیٰ جنگلات ترقیات راجہ زاہد حسین، پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر ذاکر حسین، ناظم جنگلات میر نصیر احمد، چیف پلاننگ آفیسر جنگلات سید عتیق الرحمن شیرازی، ناظم جنگلات ارتضیٰ قریشی، ناظم جنگلات ارشد خان سمیت دیگر اعلیٰ حکام اور محکمہ جنگلات کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ جنگلات کے تمام ریکارڈ کو جلد از جلد کمپیوٹرائزڈ اور ڈیجیٹل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیر جنگلات نے کہا کہ ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن سے انتظامی امور میں بہتری کے ساتھ ریکارڈ کی دیکھ بھال اور معائنے کے عمل میں شفافیت یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے