ڈاکٹر نجیب نقی 32 ووٹ لے کر صدر آزاد کشمیر منتخب
مظفرآباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ڈاکٹر نجیب نقی 32 ووٹ حاصل کرکے آزاد جموں و کشمیر کے 25ویں صدر منتخب ہوگئے۔صدارتی انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر نے 13 ووٹ حاصل کیے، جبکہ پیپلز پارٹی کے ایک رکن اسمبلی میرپور سے قاسم مجید اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔62 سالہ ڈاکٹر نجیب نقی کا تعلق پونچھ کے ایک معروف سیاسی خاندان سے ہے۔ ان کے دادا کرنل خان محمد خان کو آزاد کشمیر کی سیاسی تاریخ میں ’’بابائے پونچھ‘‘ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے، جبکہ ان کے والد کرنل محمد نقی خان بھی عملی سیاست سے وابستہ رہے۔والد کے انتقال کے بعد ڈاکٹر نجیب نقی نے 1990 کی دہائی میں عملی سیاست کا آغاز کیا اور 1991 کے انتخابات میں پہلی مرتبہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ اپنی پہلی مدت کے دوران انہوں نے صحت اور منصوبہ بندی و ترقی کے پارلیمانی سیکریٹری کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دیں۔وہ 1996 کے انتخابات میں مسلم کانفرنس کے ٹکٹ پر دوبارہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے اور بعدازاں 2001 سے 2006 تک آزاد کشمیر کونسل کے رکن بھی رہے۔2006 کے انتخابات میں بھی ڈاکٹر نجیب نقی مسلم کانفرنس کے ٹکٹ پر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور حکومت میں صحت، بہبود آبادی، کالجز اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف محکموں کے قلمدان سنبھالے۔بعدازاں انہوں نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی اور 2011 کے انتخابات میں ن لیگ کے ٹکٹ پر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ 2016 میں بھی اپنی نشست برقرار رکھی اور 2021 تک صحت، خزانہ اور منصوبہ بندی و ترقی سمیت اہم محکموں کے وزیر کی حیثیت سے فرائض انجام دیتے رہے۔مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت نے رواں ماہ ڈاکٹر نجیب نقی کو آزاد کشمیر کے صدارتی انتخاب کے لیے پارٹی کا امیدوار نامزد کیا تھا۔ڈاکٹر نجیب نقی کی تین دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط سیاسی جدوجہد اب آزاد کشمیر کے اعلیٰ ترین آئینی منصب پر ان کے انتخاب پر منتج ہوئی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر نجیب نقی کو صدر آزاد کشمیر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ ڈاکٹر نجیب نقی کا صدر آزاد کشمیر منتخب ہونا عوام کی جانب سے ان پر اعتماد کا اظہار ہے۔وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر نجیب نقی آئینی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں گے اور آزاد کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود میں مثبت کردار ادا کریں گے۔شہباز شریف نے آزاد کشمیر کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔