موٹر سائیکل اور چھوٹی گاڑی مالکان کے لیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف کا اعلان

وزیراعظم نے عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی قیمتوں اور مشرق وسطیٰ کی حالیہ کشیدگی کے تناظر میں عوام کو پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے بچانے کے لیے خصوصی ریلیف اسکیم کا اعلان کردیا۔وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشا، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے استعمال کنندگان کو پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف فراہم کیا جائے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر پڑنے والے اضافی بوجھ کا حکومت کو مکمل احساس ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔خصوصی ریلیف اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشا اور چنگچی سمیت دو اور تین پہیوں والی سواریوں کے لیے ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دیا جائے گا۔اسی طرح 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف فراہم کیا جائے گا۔وزیراعظم کے مطابق اسلام آباد کی حدود میں اسکیم کا اطلاق آئندہ پیر اور منگل کی درمیانی شب سے ہوگا، جبکہ ملک بھر میں، بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان، اس کا اطلاق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے کیا جائے گا۔بیان کے مطابق خصوصی ریلیف اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا آغاز آج سے کردیا گیا ہے، جبکہ رجسٹریشن کے طریقہ کار سے متعلق آگاہی مہم کے ذریعے عوام کو معلومات فراہم کی جائیں گی۔وزیراعظم نے اسکیم کے لیے موٹر سائیکل، رکشا اور چھوٹی گاڑیوں سے متعلق معلومات کی فراہمی میں تعاون پر صوبائی حکومتوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے