فٹنس ٹیسٹ نہ دینے پر، امام الحق اور محمد رضوان ڈومیسٹک کرکٹ سے باہر


قومی کرکٹ ٹیم کے اہم کھلاڑی امام الحق اور محمد رضوان فٹنس ٹیسٹ رپورٹس جمع نہ ہونے کے باعث پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی کے قواعد کے تحت فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کے لیے فٹنس ٹیسٹ کی رپورٹس جمع کرانا لازمی ہے، تاہم امام الحق اور محمد رضوان کے متعلقہ محکموں کی جانب سے ان کی فٹنس ٹیسٹ رپورٹس پاکستان کرکٹ بورڈ کو موصول نہیں ہوئیں۔فٹنس رپورٹس جمع نہ ہونے کے باعث دونوں کرکٹرز اپنی متعلقہ ٹیموں کی نمائندگی سے محروم ہوگئے ہیں۔ پریزیڈنٹ ٹرافی کا آغاز کل سے راولپنڈی، اسلام آباد، ایبٹ آباد اور پشاور میں ہوگا۔امام الحق نے او جی ڈی سی ایل کی جانب سے بطور کپتان پی ٹی وی کے خلاف میچ میں شرکت کرنا تھی، جبکہ شان مسعود کی عدم موجودگی میں محمد رضوان کو پہلے راؤنڈ میں سوئی گیس کی قیادت کرنا تھی۔ذرائع کے مطابق ایک جانب دونوں کرکٹرز سے متعلق انکوائری جاری ہے تو دوسری جانب ڈومیسٹک کرکٹ سے محرومی نے ان کے مستقبل کے حوالے سے بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔پی سی بی نے تمام کرکٹرز کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ میں کم از کم پانچ پانچ میچز کھیلنا لازمی قرار دے رکھا ہے۔ ایسے میں امام الحق اور محمد رضوان کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ برقرار رکھنا بھی مشکل دکھائی دے رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے