26 ہزار کا بجلی بل ادا کرنے کیلئے بائیک بیچنے گیا، 70 ہزار کے چالان نکل آئے

لاہور: پنجاب میں بجلی کے بھاری بل نے ایک نوجوان کو اپنی موٹرسائیکل فروخت کرنے پر مجبور کر دیا، تاہم بائیک بیچنے کے دوران اسے اس وقت ایک اور بڑا جھٹکا لگا جب معلوم ہوا کہ اس کی موٹرسائیکل پر 70 ہزار روپے کے ای چالان موجود ہیں۔تفصیلات کے مطابق نوجوان کو 26 ہزار روپے کا بجلی کا بل ادا کرنا تھا، جس کی ادائیگی کیلئے اس نے اپنی موٹرسائیکل فروخت کرنے کا فیصلہ کیا۔ تاہم موٹرسائیکل کی تفصیلات چیک کرنے پر انکشاف ہوا کہ بائیک کے خلاف مجموعی طور پر 35 ای چالان جاری ہو چکے ہیں۔ذرائع کے مطابق تمام 35 چالان ہیلمٹ کے بغیر موٹرسائیکل چلانے کی خلاف ورزی پر کیے گئے، جس کے باعث نوجوان پر مجموعی طور پر 70 ہزار روپے جرمانہ عائد ہو گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ سدھار بائی پاس پر نصب کیمروں کے ذریعے ہیلمٹ کے بغیر سفر کرنے کی خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔یوں 26 ہزار روپے کے بجلی کے بل سے پریشان نوجوان، بائیک فروخت کرکے مسئلہ حل کرنے نکلا تو 70 ہزار روپے کے ٹریفک جرمانوں کے نئے بوجھ میں پھنس گیا۔نوجوان نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ اس کے مالی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے 70 ہزار روپے کے ای چالان معاف کیے جائیں، کیونکہ وہ پہلے ہی بجلی کا بل ادا کرنے کیلئے اپنی موٹرسائیکل فروخت کرنے پر مجبور ہو چکا ہے۔یاد رہے کہ پنجاب میں موٹرسائیکل پر ہیلمٹ کے بغیر سفر کرنا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے اور پنجاب ٹریفک پولیس کے مطابق اس خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے