پیٹرول اور ڈیزل پھر مہنگے، 3 ستمبر سے نئی قیمتیں نافذ
حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کرتے ہوئے 3 ستمبر 2026 سے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے میکنزم کے تحت قیمتوں میں ردوبدل کیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 29 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 343 روپے 87 پیسے سے بڑھ کر 346 روپے 16 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 11 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 372 روپے 3 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 3 ستمبر 2026 سے ہوگا۔واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ روز بھی پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 80 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 51 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 343 روپے 87 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 370 روپے 92 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔