بھائی کے پاسپورٹ پر جاپان پہنچا، 33 سال بعد گرفتار


جاپان: جنوبی کوریا کا 72 سالہ شہری مون جونگ گی تقریباً 33 سال تک جاپان میں غیر قانونی طور پر مقیم رہنے کے بعد بالآخر گرفتار ہوگیا، تاہم پولیس اب بھی یہ معلوم کرنے میں مصروف ہے کہ وہ اتنے طویل عرصے تک قانونی رہائشی دستاویزات کے بغیر کیسے حکام کی نظروں سے اوجھل رہا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپانی پولیس نے مون جونگ گی کو 26 اگست 2026 کو شیزوکا پریفیکچر کے شہر یائیزو سے گرفتار کیا۔ پولیس نے جون 2026 میں جاپان میں ایک مشتبہ غیر قانونی مقیم شخص کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد تحقیقات شروع کی تھیں، جو بالآخر مون تک جاپہنچیں۔پولیس کے مطابق مون جونگ گی ستمبر 1993 میں بہتر آمدنی کی تلاش میں اپنے چھوٹے بھائی کے پاسپورٹ پر جاپان پہنچا تھا۔ اسے ملک میں صرف 15 روز قیام کی اجازت ملی تھی، تاہم مقررہ مدت ختم ہونے کے باوجود وہ جنوبی کوریا واپس نہیں گیا اور جاپان میں غیر قانونی طور پر مقیم رہا۔حکام کا کہنا ہے کہ مون نے اپنے خلاف عائد الزامات کا اعتراف کرلیا ہے، تاہم اس بات کی تحقیقات جاری ہیں کہ اس نے گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران قانونی رہائشی دستاویزات کے بغیر جاپان میں کس طرح زندگی گزاری۔مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق مون نے دورانِ قیام گزر بسر کے لیے مختلف یومیہ اجرت اور عارضی نوعیت کے کام کیے تاکہ گرفتاری سے بچا جاسکے۔ تاہم پولیس نے اب تک یہ تفصیلات ظاہر نہیں کیں کہ وہ ان 33 برسوں کے دوران کہاں رہتا رہا اور کن مقامات پر کام کرتا رہا۔دلچسپ امر یہ ہے کہ اگرچہ مون کے جاپان میں قیام کا مجموعی عرصہ تقریباً 33 سال بنتا ہے، تاہم موجودہ فوجداری الزام میں پولیس تقریباً 26 سال کی غیر قانونی رہائش کو شمار کررہی ہے۔اس کی وجہ جاپان کے امیگریشن قوانین میں ہونے والی تبدیلی ہے۔ جاپان نے فروری 2000 سے غیر قانونی رہائش کو فوجداری سزا کے دائرے میں شامل کیا، اسی لیے مون کے خلاف موجودہ الزام کے تحت غیر قانونی قیام کی مدت اس قانونی تبدیلی کے بعد کے عرصے سے شمار کی جارہی ہے۔رپورٹس کے مطابق مون کے جاپان پہنچنے والے سال 1993 میں ویزا مدت ختم ہونے کے باوجود ملک میں موجود افراد کی تعداد آج کے مقابلے میں کہیں زیادہ تھی۔ جاپانی وزارت انصاف کے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ایسے افراد کی تعداد تقریباً 2 لاکھ 98 ہزار 646 تھی، جو جنوری 2026 تک کم ہوکر 68 ہزار 488 رہ گئی۔پولیس اب مزید تحقیقات کررہی ہے کہ مون جونگ گی نے تین دہائیوں سے زائد عرصے تک جاپان میں قانونی حیثیت کے بغیر زندگی کیسے گزاری اور اتنے طویل عرصے تک حکام کی نظروں سے کیسے اوجھل رہا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے