عبداللہ طاہر قتل کیس، ٹک ٹاکر لاریب اور ڈرائیور اصغر سمیت تین ملزمان نامزد

پی ٹی آئی رہنما عبداللہ طاہر کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس نے زیرحراست تین ملزمان کو مقدمے میں نامزد کردیا، جبکہ مرکزی شوٹر ارسلان سمیت دو دیگر شوٹرز تاحال گرفتار نہیں ہوسکے۔پولیس ذرائع کے مطابق ٹک ٹاکر لاریب شہزادی اور عبداللہ طاہر کے ڈرائیور اصغر کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔ دونوں پر عبداللہ طاہر کی لوکیشن ملزمان تک پہنچانے اور سہولت کاری کا الزام عائد کیا گیا ہے، جبکہ ریکی کرنے والے ایک ملزم کو بھی مقدمے میں شامل کرلیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق نامزد کیے گئے ملزمان سمیت مجموعی طور پر پانچ ملزمان سی سی ڈی پولیس کی حراست میں ہیں، تاہم مرکزی شوٹر ارسلان اور دو دیگر شوٹرز کی گرفتاری تاحال عمل میں نہیں آسکی۔دوسری جانب سیشن کورٹ لاہور میں عبداللہ طاہر قتل کیس میں سہولت کاری کے الزام میں گرفتار ٹک ٹاکر لاریب شہزادی کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت ہوئی۔ مدعی مقدمے کی جانب سے ممبر پنجاب بار کونسل غلام عباس چڈھر نے وکالت نامہ جمع کرایا، جبکہ ملزمہ کی جانب سے اظہر مئیو ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے دوران پولیس نے مقدمے کا ریکارڈ جمع کرانے کے لیے مزید مہلت طلب کی، جس پر عدالت نے سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کردی۔عبداللہ طاہر کے قتل کا مقدمہ تھانہ غالب مارکیٹ پولیس نے درج کررکھا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے