مائیکل وان کی پاکستانی بیٹنگ پر کڑی تنقید، انگلش بولرز کو کوئی خطرہ نہیں
لندن:انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے پاکستان کی موجودہ بیٹنگ لائن اَپ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے دوسرے درجے کی کاؤنٹی کرکٹ سے تشبیہ دے دی۔بی بی سی ٹیسٹ میچ اسپیشل پر گفتگو کرتے ہوئے مائیکل وان نے کہا کہ انگلینڈ کے بولرز کو پاکستانی بیٹرز کی جانب سے کسی خاص چیلنج کا سامنا نہیں اور موجودہ پاکستانی بیٹنگ لائن اَپ طویل عرصے میں دیکھی جانے والی آسان ترین لائن اَپس میں سے ایک ہے۔ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے بولرز جانتے ہیں کہ پاکستانی بیٹنگ میں وکٹیں موجود ہیں، اسی لیے ہر بولر وکٹ حاصل کرنے کے لیے بے تاب دکھائی دیتا ہے۔ پاکستانی بیٹرز کی جانب سے انگلش بولرز کو نقصان پہنچانے کا کوئی خاص خطرہ محسوس نہیں ہوتا۔مائیکل وان نے مزید کہا کہ انگلینڈ کے بولرز کو یقین ہے کہ پاکستان بڑا اسکور نہیں کرے گا، اس لیے وہ ہر اسپیل میں بھرپور کوشش کررہے ہیں اور مزید اوورز کے لیے کپتان جو روٹ سے بھی گیند مانگ رہے ہیں۔سابق انگلش کپتان نے انگلش بولنگ اٹیک کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بولرز اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں اور اگر وہ اسی انداز میں بولنگ جاری رکھتے ہیں تو بہتر بیٹنگ لائن اَپس کو بھی مشکلات سے دوچار کرسکتے ہیں۔مائیکل وان نے پاکستانی بیٹنگ پر طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا یہ دوسرے درجے کی کاؤنٹی کرکٹ ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ کسی بھی معیار سے ایسی نہیں لگ رہی جو ٹیسٹ میچ کی بیٹنگ لائن اَپ کہلائے۔واضح رہے کہ پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ کے ہاتھوں اننگز اور 103 رنز سے شکست ہوئی تھی، جبکہ دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھی قومی ٹیم 290 رنز کے جواب میں خراب بیٹنگ کے باعث 110 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔