پمز سانحہ، شیری رحمان اور نیئر بخاری کا شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے پمز اسپتال کی گائنی وارڈ میں آتشزدگی کے نتیجے میں 14 نومولود بچوں کی اموات پر شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی پر زور دیا ہے۔پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان اور سیکریٹری جنرل نیئر حسین بخاری نے پمز اسپتال کا دورہ کیا اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔شیری رحمان نے کہا کہ 14 ننھی جانوں کا عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر دارالحکومت میں چلے جانا انتہائی افسوسناک ہے۔ ان کے مطابق بچوں کی حالت اتنی خراب تھی کہ کئی کی شناخت بھی ممکن نہیں رہی۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ بچوں کے والدین کے ساتھ انتظامیہ نے مناسب تعاون نہیں کیا۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ واقعے نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے اور پورا ملک غم اور احتجاج کی کیفیت میں ہے۔سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ وزیراعظم نے واقعے کا نوٹس لیا ہے، تاہم ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز کو بھی جواب دینا ہوگا۔ ان کے مطابق حادثے کے بعد پانی دستیاب نہیں تھا، ایمرجنسی گیٹس بند تھے اور ڈاکٹر بھی موجود نہیں تھے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا وفد سیاست کرنے نہیں بلکہ قیادت کی ہدایت پر عوام کی جانب سے سوالات اٹھانے اور ذمہ داروں کو بے نقاب کرنے آیا ہے۔ شیری رحمان نے وزارت صحت کی کارکردگی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر عوامی فنڈز سے چلنے والے اداروں کا نظام مؤثر انداز میں نہیں چل رہا تو وزارت صحت کے موجودہ ڈھانچے پر غور ہونا چاہیے۔پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سیکریٹری جنرل نیئر حسین بخاری نے پمز میں 14 بچوں کی ہلاکت کو انتہائی افسوسناک اور بڑا المیہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بظاہر یہ واقعہ غفلت اور کوتاہی کا نتیجہ ہے، جس کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات ضروری ہیں۔نیئر حسین بخاری نے مطالبہ کیا کہ تحقیقات کے ذریعے یہ تعین کیا جائے کہ سانحہ کیوں پیش آیا اور اس کے ذمہ دار کون ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات کے ساتھ وزارت صحت کی کارکردگی بھی سامنے آنی چاہیے اور متعلقہ وزیر و حکام کو جواب دہ ہونا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اگر دو اسپتال بھی مناسب انداز میں نہیں چلائے جا رہے تو اس صورتحال پر متعلقہ حکام سے جواب طلبی ضروری ہے۔ نیئر حسین بخاری کے مطابق موجودہ حالات میں نظام کے مؤثر انداز میں چلنے اور اچھی گورننس کے حوالے سے بھی سوالات پیدا ہو رہے ہیں۔