14 نومولود بچوں کی موت، شوبز شخصیات کا شدید غم و غصہ، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں نرسری میں آتشزدگی کے نتیجے میں 14 نومولود بچوں کی ہلاکت پر پاکستانی شوبز شخصیات نے شدید دکھ اور غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔اداکار عثمان مختار کی اہلیہ زنیرا انعام نے سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مبینہ غفلت کے ذمہ داروں کے احتساب سے متعلق سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دیکھنا ہوگا کہ ذمہ داروں کا کبھی احتساب ہوگا یا چند روز بعد یہ سانحہ بھی عوام کی یادداشت سے محو ہوجائے گا۔سینئر اداکار محمد احمد نے بھی نومولود بچوں کی اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سانحے کے ذمہ دار افراد کا تعین کرکے انہیں جوابدہ بنایا جانا چاہیے۔میزبان مدیحہ نقوی نے متاثرہ ماؤں اور خاندانوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ان کے لیے صبر کی دعا کی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ غمزدہ خاندانوں کو اس ناقابلِ تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔سانحے پر سامنے آنے والے ردعمل میں ملک کے نظام پر بھی سخت تنقید کی گئی۔ بعض ردعمل میں اس جانب توجہ دلائی گئی کہ ایسے واقعات کے بعد چند روز تک مذمت اور افسوس کا اظہار کیا جاتا ہے، تاہم بعد ازاں انہیں اگلے سانحے تک فراموش کردیا جاتا ہے۔واضح رہے کہ بدھ کی صبح پمز کے مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ وارڈ کی تیسری منزل پر واقع نرسری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی، جہاں نومولود بچے زیرِ علاج تھے۔ حکام کے مطابق واقعے میں 14 نومولود بچے جاں بحق ہوئے جبکہ ایک بچے کو بچا لیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات اور ذمہ داروں کے تعین کا حکم دے رکھا ہے۔