وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے صدر پیپلزپارٹی آزادکشمیر چوہدری محمد یاسین کی ملاقات
وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور سے صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر چوہدری محمد یاسین نے ملاقات کی۔ملاقات میں مجموعی سیاسی صورتحال، عوامی مسائل، حکومتی کارکردگی اور آئندہ انتخابات کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر ہائر ایجوکیشن ظفر اقبال ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے مختصر عرصہ اقتدار میں عوامی خدمت، تعمیر وترقی اور جمہوری اقدار کے فروغ کو اپنی ترجیح رکھا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوامی حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کے متعدد منصوبے شروع کیے، جن کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دیتی آئی ہے اور آئندہ بھی یہی پالیسی جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی اپنی کارکردگی اور عوامی خدمت کی بنیاد پر آئندہ انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی اور دوبارہ حکومت بنائے گی۔ اس موقع پر صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جس کے ثمرات سب کے سامنے ہیں، پیپلز پارٹی کو آزادکشمیر میں مشکل حالات میں ذمہ داری ملی لیکن پیپلز پارٹی کی عوامی حکومت نے خدمت اور عزم کے مشن کیساتھ نہ صرف سیاسی نظام کو دوبارہ بحال کیا بلکہ کئی عرصہ سے زیر التواء مسائل کا بھی حل کیا۔ آزادکشمیر میں پیپلز پارٹی کے موجودہ مختصر عرصہ اقتدار میں مثالی تعمیر و ترقی ہوئی۔چوہدری محمد یاسین نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی پارٹی نے اپنے دور اقتدار میں ترقیاتی منصوبوں، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے، جس کی وجہ سے عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہوا ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ آئندہ انتخابات میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی نمایاں کامیابی حاصل کرے گی۔