تمام حلقہ جات کے ممبران اسمبلی کو مساوی طور پر 30 کلو میٹر سڑکات دی گئی ہیں ،وزیر اعظم آزاد کشمیر


وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ آزاد کشمیر کے تمام حلقہ جات کے ممبران اسمبلی کو مساوی طور پر 30 کلو میٹر سڑکات دی گئی ہیں جن پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا، فاضل ممبر حلقہ شرقی باغ کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کے حلقے کی 30 کلو میٹر سڑکیں جلد سی ڈی سی سے منظور ہو کر ٹینڈر جاری کر دئے جائیں گے، مسائل ورثے میں ملے تاہم حکومتیں حکومتوں کا تسلسل ہوتی ہیں، دریا کے پانی کو سیوریج سے محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کریں گے، ایرا، سیرا کے نامکمل منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے قانون ساز اسمبلی کے اجلاس کے دوران ممبر اسمبلی سردار میر اکبر خان کی جانب سے حلقہ شرقی باغ کی سڑکات اورممبر اسمبلی خواجہ فاروق احمد کی جانب سے ناقص سیوریج لائن کی تنصیب کے منفی اثرات کے حوالے سے قلیل المہلت سوال کے جواب میں دئے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھورنے کہا کہ دارالحکومت مظفرآباد کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کیلئے36 کروڑ روپے کی لاگت سے سالڈ ویسٹ منیجمنٹ منصوبہ شروع کیا، دارالحکومت مظفرآباد اور کوٹلی میں سیوریج لائن کی تنصیب اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے، سفارشات کی روشنی میں ترجیحی بنیادوں پر سیوریج اور پینے کے پانی کے مسائل حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمدشہباز شریف کے نامکمل منصوبوں کی تعمیر کیلئے میرے مطالبے پر 01 ارب روپے فراہم کئے جس پر میں ان کا شکر گزار ہوں، مظفرآباد، کوٹلی سمیت دیگر شہروں میں بھی سیوریج سسٹم اور پینے کے صاف پانی کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے