وزیراعظم آزادکشمیر کا سو روزہ پلان کا اعلان، نوجوانوں کو بلاسود قرضے، وظائف دیں گے

مظفر آباد:وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے سو روزہ پلان کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کو بلاسود قرضے، طلبہ کو وظائف دیں گے۔مظفرآباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ حکومت نے سو روزہ پلان سے لے کر پانچ سالہ حکمت عملی تک تمام منصوبے عوام کے سامنے رکھ دیے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ عوام کا مستقبل خوشحال بنانے کے فیصلے ایک دن میں نہیں ہو سکتے، اسی لیے سو روزہ پلان کی تیاری میں وقت لگا، ریاست میں افراتفری، بے چینی اور سیاسی عدم استحکام کے خاتمے کیلئے سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے۔وزیراعظم آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ کہ نئی نسل کی کردار سازی اور قرآن و سنت کی تعلیمات سے آگاہی کے لیے خصوصی پروگرام شروع کیا جارہا ہے، صرف سرکاری ملازمتوں سے بے روزگاری کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں، اس لیے سرکاری نوکریوں پر انحصار کم کرنے کے لیے کاروبار اور خود روزگاری کے مواقع فراہم کیے جائیں گےافتخار گیلانی نے کہا کہ تمام سرکاری محکموں میں تھرڈ پارٹی کے ذریعے بھرتیاں ہوں گی جبکہ اپنا روزگار سکیم کے تحت نوجوانوں کو آسان شرائط پر بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے اور کاروبار شروع کرنے کی راہ میں حائل پیچیدگیاں ختم کی جائیں گی۔اُن کا کہنا تھا کہ ڈسکور اے جے کے پروگرام کے تحت آزادکشمیر کے سیاحتی مقامات کو دنیا کے سامنے متعارف کرایا جائے گا، جس سے مقامی کاروبار، سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ تمام سرکاری گیسٹ ہاؤسز کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت فعال کیا جائے گا جبکہ ریاست کے تمام انٹری پوائنٹس پر ٹک شاپس قائم کی جائیں گی، 52 سیاحتی مقامات پر تین سے چھ ماہ میں ترقیاتی سرگرمیاں مکمل کرنے کا منصوبہ ہے جبکہ لیپہ اور سیماری میں ایکو ٹورازم کو فروغ دیا جائے گا۔اُن کا کہنا تھا کہ ریاست کا کوئی باصلاحیت نوجوان وسائل کی کمی کے باعث اعلیٰ تعلیم سے محروم نہیں رہے گا، لمز، نسٹ، قائداعظم یونیورسٹی اور دیگر ممتاز تعلیمی اداروں میں سکالرشپس دیے جائیں گے جبکہ ملک کی ٹاپ نجی جامعات میں میرٹ پر داخلہ لینے والے مستحق طلبہ کے تعلیمی اخراجات بھی حکومت برداشت کرے گی۔وزیراعظم آزاد کمشیر نے کہا کہ اے جے کے لیپ ٹاپ پروگرام کے تحت طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے، آزادکشمیر میں پانچ دانش سکولز اور مظفرآباد میں دانش یونیورسٹی قائم کی جائے گی، جہاں ہونہار بچوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ رہائش کی سہولت بھی فراہم ہوگی، پہلے سو روز میں نواز شریف سکول آف ایمننس منصوبے پر بھی پیش رفت ہوگی۔افتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ ہر جگہ ہسپتال بنانا ممکن نہیں، اس لیے موبائل ہسپتال آزادکشمیر کے ہر کونے تک پہنچایا جائے گا، صحت سہولت پروگرام کے تحت بھمبر، مظفرآباد، کوٹلی اور راولاکوٹ میں جدید کیتھ لیبز قائم کی جائیں گی جبکہ باغ میں جدید کارڈیک ہسپتال بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ فالج کے علاج کے لیے کوٹلی، میرپور اور مظفرآباد میں سٹروک سینٹرز قائم ہوں گے، ضروری ادویات پروگرام کے تحت تمام ضلعی ہسپتالوں میں ایمرجنسی ادویات ہمہ وقت دستیاب ہوں گی جبکہ بی ایچ یوز، آر ایچ سیز اور ٹی ایچ کیوز کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے چھ ضلعی ہیڈکوارٹرز میں کشمیر ایکسپریس الیکٹرک بس سروس شروع کی جائے گی۔افتخار گیلانی نے مزید کہا کہ سفارشی کلچر کے خاتمے اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اے جے کے ون پورٹل متعارف کرایا جارہا ہے، جس کے ذریعے آزادکشمیر کی تمام حکومتی سروسز ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گی، عام شہری کو سرکاری کام کے لیے کسی سفارش یا اثر و رسوخ کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے