حکومت اور اپوزیشن میں اعتماد کا فقدان، بلاول بھٹو کا نظام کی جمہوری ری سیٹنگ پر زور
ملتان: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کے نظام کا ری سیٹ جمہوری انداز میں ہونا چاہیے، جس کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔ملتان میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اعتماد کا فقدان ہے، جبکہ پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان بھی اعتماد کی کمی پائی جاتی ہے۔بلال بھٹو زرداری نے کہا کہ اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شامل ہونا چاہیے۔ جب تک صاف اور شفاف انتخابات نہیں ہوں گے اور انتخابی نظام پر عوام کا اعتماد بحال نہیں ہوگا، اس وقت تک انتخابات یا ریفرنڈم متنازع رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ بار جب وہ ملتان آئے تھے تو شہر سیلاب میں ڈوبا ہوا تھا، سیلاب کے بعد یہاں کے عوام کے حالات انہوں نے اپنی آنکھوں سے دیکھے اور لوگ انتہائی مشکل دور سے گزر رہے تھے، اس مشکل وقت میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور نمائندوں نے پنجاب کے عوام کا جس طرح ساتھ دیا، وہ اس بات کی مثال ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج ملک قدرتی آفت سے تو نہیں گزر رہا، تاہم معاشی مشکلات ضرور درپیش ہیں، سیاست دانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو زمینی حقائق سے آگاہ کریں، انہیں خدشہ ہے کہ معاشی بحران کے باعث ملکی حالات میں بہتری کے بجائے مزید خرابی پیدا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کے ساتھ کھانے پینے کی اشیا، پیٹرول اور بجلی کے بھاری بل عوام کے لیے مشکلات کا باعث بن رہے ہیں، جبکہ ڈی اے پی کھاد اور مہنگے ڈیزل کے باعث کسان بھی پریشانی کا شکار ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ملک کے تمام فیصلے پارلیمان میں ہونے چاہئیں، اگر فیصلے پارلیمان سے باہر کیے جائیں گے تو وہ حتمی نہیں ہوں گے اور ایسے فیصلے ملک کے لیے بہتر ثابت نہیں ہوں گے، قائداعظم نے پاکستان کے قیام کی جدوجہد میں ہتھیار نہیں اٹھائے بلکہ جمہوری انداز میں جدوجہد کرکے ملک حاصل کیا تھا۔بلاول بھٹو زرداری نے صحافیوں کے کردار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے صحافی ملک کی طاقت ہوا کرتے تھے اور اپنے قلم کے ذریعے حکومتیں بناتے اور گراتے تھے، وہ کسی کی حکومت گرانا نہیں چاہتے، تاہم ان کی خواہش ہے کہ صحافی ایسا کردار ادا کریں کہ حکومت میں بیٹھے لوگوں کو آئینہ دکھا سکیں۔انہوں نے کہا کہ اگر سیاست دان ایک دوسرے کی تعریفیں کرتے رہیں اور صحافی بھی یہی روش اختیار کرلیں تو اس سے کوئی بہتری نہیں آئے گی۔ صحافیوں کو تنقید کے ذریعے سیاست دانوں کی اصلاح کرنی چاہیے تاکہ وہ بہتر فیصلے کرسکیں۔