ڈسٹرکٹ کونسلر عابد اقبال چودھری کا دورۂ لالیدا، کشمیری کمیونٹی کی جانب سے پرتپاک استقبال، اہم شخصیات سے ملاقاتیں اور پرتکلف میزبانی

اسپین کے خوبصورت شہر لالیدا (Lleida) میں ڈسٹرکٹ کونسلر عابد اقبال چودھری کی آمد پر کشمیری کمیونٹی کے عمائدین، سرکردہ شخصیات اور ان کے حلقہ انتخاب سے تعلق رکھنے والے دوست احباب نے پرتپاک استقبال کیا۔ دورے کے دوران ملاقاتوں، باہمی تبادلہ خیال اور روایتی مہمان نوازی کا سلسلہ جاری رہا۔لالیدا آمد کے موقع پر سردار نصیر کی جانب سے اپنی رہائش گاہ پر ایک پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں سردار اکرم، چوہدری ریاض اور کمیونٹی کے دیگر معززین نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے عابد اقبال چودھری کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کے ساتھ خوشگوار ماحول میں مختلف امور پر گفتگو کی۔دورے کے اگلے مرحلے میں عابد اقبال چودھری نے لالیدا میں مقیم کشمیری کمیونٹی کے دیگر عمائدین اور اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں مسئلہ کشمیر، اوورسیز پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کو درپیش مسائل، لالیدا میں مقیم احباب کے اجتماعی معاملات اور اپنے حلقہ انتخاب کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔عابد اقبال چودھری نے کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنے اور متعلقہ امور کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کی یقین دہانی کروائی۔اس موقع پر معروف بزنس مین راجہ نفیس کیانی کی جانب سے خصوصی ہائی ٹی کا اہتمام کیا گیا، جس میں کمیونٹی کی دیگر معزز شخصیات اور احباب نے بھی شرکت کی۔ اس نشست میں بھی باہمی روابط، کمیونٹی کے معاملات اور مختلف دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔دورۂ لالیدا کے اختتام پر عابد اقبال چودھری نے سردار نصیر، سردار اکرم، چوہدری ریاض، راجہ نفیس کیانی اور تمام دیگر احباب کا شاندار استقبال، محبت، خلوص اور پرتکلف میزبانی پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔لالیدا میں ہونے والی یہ ملاقاتیں نہ صرف باہمی روابط کے فروغ کا ذریعہ بنیں بلکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کے ساتھ رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کا بھی ایک خوبصورت موقع ثابت ہوئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے