پاکستان اور عمان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے 6 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
اسلام آباد: پاکستان اور عمان نے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے سفارتی امور، اطلاعات و نشریات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن اور میڈیا سمیت مختلف شعبوں میں چھ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے ہیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عمانی وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی کے دورہ پاکستان کے موقع پر معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب میں شرکت کی۔ عمانی وزیر خارجہ آٹھویں پاکستان-عمان مشترکہ وزارتی کمیشن (JMC) کے اجلاس کے سلسلے میں پاکستان کے دورے پر ہیں۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور عمانی وزیر خارجہ نے تین اہم دستاویزات پر دستخط کیے، جن میں آٹھویں پاکستان-عمان مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کی کارروائی کا پروٹوکول، سفارتی، خصوصی، سرکاری اور سروس پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے باہمی ویزا استثنیٰ کا معاہدہ اور ریکارڈز و آرکائیوز سے متعلق مفاہمتی یادداشت شامل ہیں۔دیگر تین مفاہمتی یادداشتوں میں اطلاعات و نشریات، انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن اور خبروں کے تبادلے و میڈیا تعاون کو فروغ دینے کے معاہدے شامل ہیں۔ ان دستاویزات پر متعلقہ وفاقی وزرا نے دستخط کیے۔ان معاہدوں کو پاکستان اور عمان کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کو وسعت دینے اور دیرینہ دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔

