پاکستان اور یورپی یونین میں ہنرمند افراد کیلئے قانونی روزگار کے مواقع بڑھانے پر تبادلہ خیال
اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے منگل کو یورپی کمشنر برائے داخلی امور و ہجرت میگنس برنر سے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان ہجرت اور نقل و حرکت کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں بالخصوص پاکستانی ہنرمند کارکنوں اور پیشہ ور افراد کیلئے یورپ میں قانونی روزگار کے مواقع بڑھانے پر زور دیا گیا۔اسحاق ڈار نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان حالیہ رابطوں کا حوالہ دیتے ہوئے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں فریقین نے پاکستان۔یورپی یونین اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان 2019 کے اہم ستون، ہجرت اور نقل و حرکت، کے تحت تعاون کو مزید وسعت دینے کے مختلف امکانات کا جائزہ لیا۔نائب وزیراعظم نے غیر قانونی ہجرت کی روک تھام، تارکین وطن کی اسمگلنگ اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف پاکستان کی مسلسل کوششوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کے ساتھ قانونی ہجرت کے مزید مواقع بھی فراہم کیے جانے چاہئیں تاکہ پاکستانی ہنرمند کارکن اور پیشہ ور افراد باقاعدہ اور تسلیم شدہ ذرائع کے ذریعے بیرون ملک روزگار حاصل کرسکیں۔یورپی کمشنر میگنس برنر نے غیر قانونی ہجرت سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی پیش رفت کو سراہا اور پاکستانی ہنرمند افراد کیلئے قانونی ہجرت کے راستے مزید وسیع کرنے کے امکانات کا اعتراف کیا۔ملاقات میں ہجرت سے متعلق معاملات پر پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان مسلسل رابطے اور تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔اسحاق ڈار نے یورپی یونین کے ساتھ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یورپی کمشنر کا دورہ دونوں فریقین کیلئے فائدہ مند اور عملی نتائج کا باعث بنے گا۔
