پاکستان کی امن کوششوں کا اعتراف، گوتریس کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات

راولپنڈی: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کے دوران علاقائی تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انتونیو گوتریس نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال اور عالمی امن و سلامتی کے فروغ میں اقوام متحدہ کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق انتونیو گوتریس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان اور اس کی مسلح افواج کی قربانیوں اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم کو سراہتے ہوئے علاقائی تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی کوششوں کی خصوصی طور پر تعریف کی۔ملاقات میں علاقائی استحکام، مسئلہ کشمیر، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے پر عمل درآمد روکنے کے معاملے اور افغانستان سے جنم لینے والی دہشت گردی سمیت مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عالمی امن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے امن، استحکام اور انسانی بنیادوں پر تعاون کے فروغ میں انتونیو گوتریس کی قیادت میں اقوام متحدہ کے کردار کو بھی سراہا۔انتونیو گوتریس منگل کو اسلام آباد پہنچے تھے۔ دورے کے دوران انہوں نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں امریکا اور ایران کے درمیان تنازع کے حل اور مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان کی کوششوں سے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت، اس کے بعد جنگ بندی اور مستقبل میں مذاکرات کے لیے فریم ورک کی تشکیل میں مدد ملی۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم کردار پر ہر پاکستانی کو فخر ہونا چاہیے۔گوتریس نے کہا کہ گزشتہ دو برس کے دوران اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن کی حیثیت سے بھی پاکستان کا کردار نمایاں رہا۔ ان کے مطابق دنیا میں بڑھتی ہوئی تقسیم اور باہمی عدم اعتماد کے ماحول میں پاکستان نے کثیرالجہتی نظام، مکالمے، ثالثی اور سفارت کاری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔دہشت گردی کے حوالے سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان نے اس خطرے کے باعث بہت زیادہ نقصان برداشت کیا اور ہزاروں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔انتونیو گوتریس نے پاکستانی عوام کی ثابت قدمی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ مشکلات کے باوجود پاکستانی عوام بہتر مستقبل کی تعمیر کے لیے پرعزم ہیں۔ ملاقات اور پریس کانفرنس سے قبل انتونیو گوتریس اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے درمیان علاقائی اور عالمی امن و سلامتی سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوئی، جس میں فلسطین، جموں و کشمیر، افغانستان، انسداد دہشت گردی اور کثیرالجہتی نظام کے مستقبل سمیت اہم معاملات زیر بحث آئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے