ترکیہ کا پاکستان میں اساتذہ کی تربیت کے لیے ڈیجیٹل اور شمسی سہولیات کا منصوبہ

اسلام آباد:ترک تعاون اور رابطہ ایجنسی (TİKA) نے کم آمدنی والے علاقوں کے سرکاری اسکولوں میں خدمات انجام دینے والے نوجوان اساتذہ کی تربیت کے لیے ٹیچ فار پاکستان ٹریننگ سینٹر کی اپ گریڈ شدہ سہولیات کا افتتاح کردیا۔منصوبے کے تحت تربیتی مرکز کو جدید آڈیو ویژول اور ویڈیو کانفرنسنگ نظام، 10 لیپ ٹاپس اور 25 کے وی اے کے شمسی توانائی کے نظام سے لیس کیا گیا ہے۔ ان سہولیات کی بدولت سالانہ تقریباً 115 تدریسی فیلوز اور 20 ٹرینرز کو زیادہ مؤثر انداز میں آن لائن اور بالمشافہ تربیت فراہم کی جاسکے گی، جبکہ ان تربیت یافتہ اساتذہ کی کلاس روم سرگرمیوں سے 7 ہزار سے زائد طلبہ مستفید ہوں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے پاکستان اور ترکیہ کے قریبی برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم دو ملک اور ایک دل ہیں۔‘‘ انہوں نے پاکستان میں تعلیم بالخصوص اساتذہ کی تربیت کے شعبے میں تعاون پر ترک تعاون اور رابطہ ایجنسی کا شکریہ ادا کیا۔Tikaکے نائب صدر ڈاکٹر علی ایرجان نے کہا کہ اس منصوبے کے اثرات تربیتی مرکز تک محدود نہیں رہیں گے۔ ان کے مطابق یہ سہولیات نوجوان اساتذہ کو جدید مہارتیں، نئے خیالات اور عزم کے ساتھ تیار کرنے میں مدد دیں گی، جو بعد ازاں پاکستان بھر کے سرکاری اسکولوں میں اپنی خدمات انجام دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایک اچھا استاد بچوں کو صرف سیکھنے میں مدد نہیں دیتا بلکہ انہیں سوالات کرنے، اعتماد حاصل کرنے اور اپنے مستقبل کے لیے نئے امکانات دیکھنے کی ترغیب بھی دیتا ہے۔ ٹیچ فار پاکستان** کم سہولیات والے سرکاری اسکولوں میں دو سالہ تدریسی پروگرام کے لیے باصلاحیت جامعاتی فارغ التحصیل نوجوانوں کو بھرتی کرکے تربیت فراہم کرتا ہے۔ تربیتی مرکز کے بنیادی ڈھانچے کو جدید سہولیات سے مضبوط بنانے کے اس منصوبے سے اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی کے ساتھ معیاری تعلیم تک رسائی کو بھی فروغ ملے گا، جبکہ یہ منصوبہ پاکستان اور ترکیہ کے باہمی تعاون کو نئی نسل تک منتقل کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے