اس بار لاشیں گریں تو اسلام آباد کو سومناتھ بنادیں گے، جنید اکبر

پشاور: پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کہا ہے کہ انہیں معلوم ہے کہ ریاست اسلام آباد مارچ کے دوران طاقت کا استعمال کرسکتی ہے، تاہم اس بار احتجاج کے دوران جانی نقصان ہوا تو ان کی جماعت پہلے کی طرح خاموشی سے واپس نہیں آئے گی۔پشاور میں خطاب کرتے ہوئے جنید اکبر نے کہا کہ اسلام آباد مارچ کے لیے کارکن صرف ایک راستے سے نہیں جائیں گے بلکہ موٹروے، جی ٹی روڈ، مارگلہ کے پہاڑوں اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت مختلف راستوں سے دارالحکومت پہنچیں گے۔انہوں نے گزشتہ احتجاج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ریاست گولی بھی چلا سکتی ہے، تاہم اس بار صورتحال سے آگاہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اس بار احتجاج کے دوران لاشیں گریں تو وہ خاموشی سے انہیں دفن کرکے واپس نہیں جائیں گے بلکہ ’’اسلام آباد کو سومناتھ بنا دیں گے۔‘‘دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے جنید اکبر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کا مقصد انتشار اور تباہی پھیلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے جان و مال اور روزگار کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتی ہے۔عطا تارڑ نے کہا کہ حکومت پُرامن احتجاج کے حق کے خلاف نہیں، تاہم سڑکیں بند کرنے، عام زندگی متاثر کرنے اور راستے روکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے احتجاج کی کال کو غیر قانونی اور آئین کے خلاف قرار دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے