شیفیلڈ جنسی زیادتی کیس، پاکستان فرار عمار الیاس کو 27 سال قید
شیفیلڈ:کم عمر اور کمزور حالات سے تعلق رکھنے والی لڑکیوں سے جنسی زیادتی کے مقدمے میں مجرم قرار دیے گئے 41 سالہ عمار الیاس کو برطانوی عدالت نے اس کی غیر موجودگی میں 27 سال قید کی سزا سنا دی۔عمار الیاس عدالتی کارروائی کے دوران ضمانت پر رہا ہونے کے بعد پاکستان فرار ہوگیا تھا۔ سزا سناتے ہوئے جج پیٹر ہیمپٹن نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ اسے برطانیہ واپس لانے اور سزا پر عمل درآمد کے لیے تمام دستیاب ذرائع استعمال کیے جائیں۔استغاثہ کے مطابق عمار الیاس، جو ’’Killer‘‘ کے عرف سے بھی جانا جاتا تھا، نے تقریباً دو دہائیاں قبل شیفیلڈ میں کم عمر لڑکیوں کو جنسی استحصال کا نشانہ بنایا۔ متاثرین میں شامل ایک لڑکی کی عمر مبینہ زیادتی شروع ہونے کے وقت صرف 12 سال تھی۔نیشنل کرائم ایجنسی (NCA) کے تفتیش کاروں کے مطابق مذکورہ متاثرہ بچی کو 12 سال کی عمر سے تقریباً تین برس تک مسلسل جنسی استحصال اور زیادتی کا سامنا کرنا پڑا۔مقدمے میں عمار الیاس پر متاثرین کو دھمکانے، ایک متاثرہ لڑکی کو کاٹنے اور بعض لڑکیوں کو اسلحے اور اجتماعی زیادتی کی دھمکی دے کر خوفزدہ کرنے کے الزامات بھی ثابت ہوئے۔