آزاد کشمیر کے صدارتی انتخابات کا شیڈول جاری


مظفرآباد(سٹاف رپورٹر ) چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے صدرِ ریاست آزاد جموں و کشمیر کے انتخاب کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔ صدارتی انتخاب 24 ستمبر 2026 کو اسمبلی سیکریٹریٹ مظفرآباد میں صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک ہوگا۔ پولنگ کے فوری بعد ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا اعلان اسی روز کیا جائے گا۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ صدارتی انتخاب کے لیے کاغذاتِ نامزدگی 19 ستمبر کو صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بجے تک جمع کرائے جا سکیں گے۔ کاغذاتِ نامزدگی ریٹرننگ آفیسر، چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر کے پاس جمع ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال بھی 19 ستمبر کو چیف الیکشن کمشنر کے دفتر میں ہوگی، جبکہ امیدوار 23 ستمبر کو صبح 11 بج کر 30 منٹ تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لے سکیں گے۔جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے واضح کیا کہ صدر آزاد جموں و کشمیر کا انتخاب اکثریت کی بنیاد پر ہوگا۔ پولنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کی جائے گی اور اسی روز صدارتی انتخاب کے نتائج کا اعلان کردیا جائے گا۔پریس کانفرنس کے موقع پر چیف الیکشن کمشنر کے ہمراہ سینئر ممبر الیکشن کمیشن خواجہ محمد احسن اور ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی بھی موجود تھے۔صدارتی انتخاب کے شیڈول کے اعلان کے بعد آزاد کشمیر کے سیاسی حلقوں میں سرگرمیاں تیز ہونے کا امکان ہے اور آئندہ چند روز کے دوران صدارتی امیدواروں کے حوالے سے سیاسی جوڑ توڑ اور مشاورت میں بھی تیزی متوقع ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے