جمائما گولڈ اسمتھ نے 22 سال بعد دوسری شادی کرلی، آئرش-آسٹریلوی فنانسر سے رشتہ ازدواج میں منسلک
لندن: سابق وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ اور برطانوی فلم پروڈیوسر جمائما گولڈ اسمتھ نے 22 سال بعد دوسری شادی کرلی برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق 52 سالہ جمائما گولڈ اسمتھ نے 62 سالہ آئرش-آسٹریلوی فنانسر کیمرون او ریلی کے ساتھ ایک نجی تقریب میں شادی کی۔جمائما کی دوسری شادی کی تصدیق ان کی بھابھی جمائما جونز کی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے ہوئی۔ انہوں نے جمائما کے بھائی بین گولڈ اسمتھ کے ہمراہ شادی کی تقریب کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے جمائما اور کیمرون او ریلی کی شادی کی خوشی منانے کا ذکر کیا۔رپورٹس کے مطابق جمائما اور کیمرون او ریلی گزشتہ تقریباً ایک سال سے ایک دوسرے کے ساتھ تعلق میں تھے۔ دونوں کی ملاقات فلموں اور دستاویزی منصوبوں سے متعلق پیشہ ورانہ کام کے دوران ہوئی تھی۔جمائما گولڈ اسمتھ کی اس سے قبل عمران خان سے شادی ہوئی تھی، تاہم دونوں نے 2004 میں علیحدگی اختیار کرلی تھی۔ ان کے دو بیٹے، سلیمان عیسیٰ خان اور قاسم خان، ہیں۔اب 22 سال بعد جمائما نے اپنی زندگی کا نیا سفر کیمرون او ریلی کے ساتھ شروع کیا ہے۔