ایمی ورک کے گانے میں شہبازگل کے مشہور ڈائیلاگ کی دھماکے دار انٹری


لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے جارحانہ سیاسی بیانیے اور پنجابی زبان کی کاٹ دار جملہ بازی اب سرحد پار بھارتی موسیقی میں بھی گونجنے لگی ہے جہاں معروف بھارتی پنجابی گلوکار اور اداکار ایمی ورک کی جانب سے حال ہی میں ریلیز کیا جانے والا ایک نیا گانا اس وقت سوشل میڈیا کی زینت بنا ہوا ہے، جس میں پی ٹی آئی کے متحرک رہنما ڈاکٹر شہباز گل کا ایک پرانی پریس کانفرنس کا وائرل ڈائیلاگ باقاعدہ طور پر استعمال کیا گیا ہے۔معاملہ کچھ یوں ہے کہ شہباز گل کی ماضی میں کی جانے والی ایک پریس کانفرنس کا کلپ، جس میں وہ اپنے مخصوص طنزیہ اور سخت لہجے میں مخالفین کو للکارتے ہوئے نظر آئے تھے، وہ جملہ اب سرحد پار فنکاروں کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے، اس مشہور وائرل کلپ میں شہباز گل نے یہ جوش سے بھرپور جملہ کہا تھا کہ ’تسی اپنے کالے کرتوتاں دی کوئی شے وی میرے تے سُٹو، جٹ دا پُت آں، تواڈی منجی پیڑی اوتھوں تک ٹھوکاں گا کہ تواڈیاں نسلاں یاد رکھن گیاں‘۔سیاست اور فنونِ لطیفہ کا یہ انوکھا اور غیرمتوقع امتزاج شاید ہی کسی نے سوچا ہو یہی وجہ ہے کہ جیسے ہی ایمی ورک کا یہ نیا گانا یوٹیوب اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ریلیز ہوا، تو اس کے ساتھ ہی سوشل میڈیا کے سرگرم صارفین نے فوراً اس مشہور پنجابی ڈائیلاگ کو گانے کے پس منظر میں پہچان لیا، اب یوٹیوب کے کمنٹ سیکشن میں دلچسپ تبصروں کا تانتا بندھ چکا ہے۔بتایا جارہا ہے کہ ایمی ورک کا یہ گانا اس وقت دونوں ممالک کے نوجوانوں میں خاصی دلچسپی کا محور بنا ہوا ہے جہاں ایک طرف پاکستان میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں، وہیں دوسری طرف شہباز گل کے اس جملے کا سرحد پار گانے میں استعمال ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ ڈیجیٹل دور میں اب سیاسی مکالمے اور پنجابی جملے بھی سرحدیں توڑ کر فن کی دنیا میں اپنا اثر چھوڑ رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے