پی ٹی آئی پنجاب کا اسٹریٹ موومنٹ شروع کرنے کا فیصلہ، سہیل آفریدی کو دعوت


پی ٹی آئی پنجاب کی پارلیمانی قیادت نے صوبے میں اسٹریٹ موومنٹ شروع کرنے کا متفقہ فیصلہ کرلیا، جبکہ قیادت نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو پنجاب آنے کی دعوت دے دی۔رکن قومی اسمبلی نثار جٹ نے کہا کہ پنجاب میں اسٹریٹ موومنٹ شروع کرنے کا فیصلہ متفقہ طور پر کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی جب پنجاب تشریف لائیں گے تو انہیں خوش آمدید کہا جائے گا۔دوسری جانب پی ٹی آئی پنجاب کی قیادت کے اجلاس کی اندرونی کہانی بھی سامنے آگئی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پنجاب میں جاری کریک ڈاؤن پر ارکان نے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ارکان نے مؤقف اختیار کیا کہ پنجاب میں کارکنوں کے خلاف بدترین کریک ڈاؤن جاری ہے، جبکہ اسٹریٹ موومنٹ شروع ہونے کی صورت میں کریک ڈاؤن مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ ارکان نے یہ بھی کہا کہ اس صورتحال کے باعث لانگ مارچ کی کال متاثر نہیں ہونی چاہیے۔تاہم اجلاس میں اکثریتی ارکان نے اسٹریٹ موومنٹ شروع کرنے کی حمایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی موجودہ صورتحال کے پیش نظر پنجاب کے عوام سڑکوں پر نکلنے کے لیے تیار ہیں۔ذرائع کے مطابق سہیل آفریدی نے ارکان کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ کسی سے نہیں ڈریں گے اور جہاں انہیں بلایا جائے گا، وہ وہاں آئیں گے۔پی ٹی آئی پنجاب کی قیادت نے اکثریتی ارکان کی حمایت کے بعد اسٹریٹ موومنٹ جلد شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے تاریخ اور وقت کا اعلان وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے