انگلینڈ سے شکست اسامہ میر کا طنزیہ کمنٹ سو شل میڈیا پر وائرل
انگلینڈ کے ہاتھوں پاکستان کی شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر اسامہ میر کی مبہم اور طنزیہ سوشل میڈیا پوسٹ توجہ کا مرکز بن گئی، جسے کرکٹ شائقین پاکستان کرکٹ بورڈ کی حالیہ پالیسی اور ٹیم مینجمنٹ پر تنقید سے تعبیر کر رہے ہیں۔اسامہ میر نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ حیرت کی بات ہے کہ کسی نے پورا سسٹم تباہ کردیا اور کسی کو پتہ بھی نہیں چلا۔ انہوں نے اس کے ساتھ اردو کی مشہور ضرب المثل ’اب پچھتائے کیا جب چڑیاں چگ گئیں کھیت‘ بھی استعمال کی۔اسامہ میر نے کچھ دیر بعد یہ پوسٹ ڈیلیٹ کردی، تاہم اس کا اسکرین شاٹ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر گردش کرتا رہا۔ شائقین کی جانب سے اس پوسٹ پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔رپورٹ کے مطابق انگلینڈ کے خلاف ابتدائی دو ٹیسٹ میچز میں شکست اور سیریز ہاتھ سے نکلنے کے بعد پی سی بی نے ٹیم میں ہنگامی بنیادوں پر متعدد تبدیلیاں کیں۔ ان تبدیلیوں میں ہیڈ کوچ سرفراز احمد، بولنگ کوچ عمر گل اور سات کھلاڑیوں کو ڈراپ کرنا بھی شامل تھا۔اسامہ میر کی پوسٹ کو بعض کرکٹ شائقین نے پی سی بی کی ان حالیہ تبدیلیوں پر ردعمل قرار دیتے ہوئے ان کے مؤقف کی حمایت کی، جبکہ کچھ صارفین نے قومی کھلاڑی کی جانب سے ٹیم مینجمنٹ اور بورڈ پر اس انداز میں تنقید کرنے پر سوالات اٹھائے ہیں۔