3 ارب روپے کا ریلوے منصوبہ مکمل، سریاب تا کچلاک ٹریک اپ گریڈ کردیا گیا

کوئٹہ: وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے تحت پاکستان ریلوے اور حکومت بلوچستان کے اشتراک سے 3 ارب روپے کی لاگت سے سریاب تا کچلاک ریلوے منصوبہ 120 دن میں مکمل کرلیا گیا، جس کے تحت 32 کلومیٹر ریلوے ٹریک کی بحالی اور اپ گریڈیشن کی گئی ہے۔منصوبے کی تکمیل کو بلوچستان میں ریلوے انفراسٹرکچر کی بحالی اور عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت ٹریک کے پشتوں کو محفوظ بنانے کے لیے بھی ضروری کام مکمل کیے گئے۔سریاب اور کچلاک ریلوے اسٹیشنز کو اپ گریڈ کرنے کے علاوہ دونوں مقامات پر نئے ٹرن ٹیبلز کی تعمیر، تنصیب اور کمیشننگ بھی مکمل کرلی گئی ہے۔اسی منصوبے کے تحت شیخ ماندا اور بلیلی ریلوے اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن، جی او آر ہالٹ اسٹیشن کی تعمیر نو، سولرائزیشن، برقی کام، نئے فرنیچر اور بینچز کی تنصیب مکمل کی گئی ہے۔منصوبے میں کوئٹہ ریلوے اسٹیشن کی اپ گریڈیشن بھی شامل ہے، جبکہ لورِ کراز ہالٹ اسٹیشن پر تعمیراتی اور تکمیلی کام بھی انجام دیے گئے ہیں۔حکام کے مطابق جناح پیپلز ٹرین جلد اپ گریڈ شدہ روٹ پر چلائی جائے گی، جس سے بلوچستان کے عوام کو بہتر، آسان اور جدید سفری سہولیات کے ساتھ ریلوے کا مضبوط رابطہ میسر آئے گا۔وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو بہتر، آسان اور جدید سفری سہولیات فراہم کرنا پاکستان ریلوے کی ترجیح ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ریلوے کی بحالی وزیراعظم محمد شہباز شریف کے مضبوط رابطوں اور جامع ترقی کے وژن کی عملی تعبیر ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے