فائر سیفٹی خلاف ورزیاں، پمز سمیت 48 اسپتالوں کو بھاری جرمانے

اسلام آباد: پمز سانحے کے بعد وفاقی دارالحکومت کے سرکاری و نجی اسپتالوں اور طبی مراکز میں فائر اینڈ لائف سیفٹی انتظامات کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کیا گیا، جس کے دوران 48 اداروں میں حفاظتی انتظامات ناقص پائے گئے اور مجموعی طور پر ایک کروڑ 40 لاکھ 50 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔نجی ٹی وی کے مطابق کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی جانب سے 30 اور 31 اگست کو اسلام آباد کے مختلف اسپتالوں اور طبی مراکز میں اچانک معائنے کیے گئے۔ کارروائی کے دوران فائر سیفٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور خلاف ورزیوں پر50 ہزار سے 5 لاکھ روپےتک جرمانے کیے گئے۔سی ڈی اے کے اعلامیے کے مطابق پمز، پولی کلینک اور کیپیٹل اسپتال کو فائر سیفٹی خلاف ورزیوں پر 5،5 لاکھ روپے جبکہ اسلام آباد کے معروف نجی اسپتال کو بھی 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔اعلامیے میں بتایا گیا کہ ان اسپتالوں کو اس سے قبل بھی فائر سیفٹی انتظامات بہتر بنانے کے لیے متعدد نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔ پمز کو 6، پولی کلینک کو 7، کیپیٹل اسپتال کو 6 جبکہ معروف نجی اسپتال کو 9 نوٹس پہلے ہی جاری کیے جا چکے تھے۔ذرائع کے مطابق معائنے کے دوران متعدد اسپتالوں میں فائر ڈیٹیکشن سسٹم، فائر الارم، ایمرجنسی ایگزٹ اور فائر فائٹنگ نظام** میں سنگین خامیاں سامنے آئیں۔سی ڈی اے نے جرمانوں کے ساتھ اسپتالوں کی انتظامیہ کو فائر اینڈ لائف سیفٹی کے مقررہ معیار پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی سخت ہدایات جاری کی ہیں۔سی ڈی اے نے فائر سیفٹی کی خلاف ورزیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حفاظتی انتظامات بہتر نہ کرنے والے اداروں کے خلاف مزید کارروائی کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے