آزادکشمیربحران، فاروق حیدر اور چوہدری یاسین کے نومنتخب وزیراعظم کو اہم مشورے
مظفرآباد: سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں مشکل وقت میں ریاست کی قیادت کی ذمہ داری ملی ہے۔قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدر نے نومنتخب قائدِ ایوان پر زور دیا کہ وہ ریاست کو درپیش مسائل کے حل کے لیے فوری طور پر عملی اقدامات کا آغاز کریں۔ انہوں نے کہا کہ پونچھ کے عوام کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔سابق وزیراعظم نے سردار سکندر حیات خان کو بہترین ایڈمنسٹریٹر قرار دیتے ہوئے کہا کہ تیرہویں ترمیم نے حقیقی معنوں میں آزادکشمیر کو بااختیار بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر میں بدامنی کا فائدہ صرف ہندوستان کو ہوگا۔صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر چوہدری محمد یاسین نے بھی بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ریاست ایک نازک صورتحال سے گزر رہی ہے اور گزشتہ دور میں ایک شخص کی وجہ سے ریاستی نظام متاثر ہوا۔چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ ریاست مزید تجربات کی متحمل نہیں ہو سکتی اور نومنتخب وزیراعظم کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال سے نکلنے کے لیے بلاول بھٹو زرداری نے ٹرتھ اینڈ ریکنسیلی ایشن کمیشن کے ذریعے حل تجویز کیا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹرتھ اینڈ ریکنسیلی ایشن کمیشن کا قیام عمل میں لا کر ریاست کو موجودہ آزمائش سے نکالنے کی کوشش کی جائے گی۔ چوہدری یاسین نے واضح کیا کہ حکومت کے ہر اچھے اقدام کی حمایت کی جائے گی۔ممبر اسمبلی سردار مختار احمد خان نے پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت اور اپنے حلقے کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مظفرآباد شہر کی ترقی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔سردار مختار احمد خان کے مطابق شہر کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پارکنگ، بجلی کے نظام میں بہتری اور لوہار گلی ٹنل کی تعمیر سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ممبر اسمبلی ساجد اقبال عباسی نے بھی بیرسٹر سید افتخار گیلانی کو قائدِ ایوان منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ اسمبلی میں عوام نے نوجوانوں کا انتخاب کرکے ایک نئی سیاسی جہت کی بنیاد رکھی ہے۔ساجد اقبال عباسی نے کہا کہ چیلنجز زیادہ ہیں، تاہم امید ہے کہ ان کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جائے گا اور نئے وژن کے تحت آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی کا عمل آگے بڑھے گا۔