وفاقی حکومت کا 10 روپے کا نوٹ مرحلہ وار ختم کرنے کا فیصلہ، نئے نوٹوں پر کام جاری

وفاقی حکومت نے 10 روپے کے کرنسی نوٹ کو مرحلہ وار ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جبکہ اسٹیٹ بینک حکام کے مطابق نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن حتمی مراحل میں ہیں۔سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں نئے کرنسی نوٹوں کے اجرا اور ڈیزائن کے معاملے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔اجلاس میں سلیم مانڈوی والا نے بتایا کہ دو سال قبل انہوں نے اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر کو 5 ہزار روپے کے تین نوٹ دیے تھے، جن میں سے ایک جعلی تھا، تاہم اسٹیٹ بینک حکام جعلی نوٹ کی نشاندہی نہیں کرسکے۔انہوں نے کہا کہ دو سال گزرنے کے باوجود اسٹیٹ بینک نے 5 ہزار روپے کے وہ تینوں نوٹ واپس نہیں کیے۔ چیئرمین کمیٹی کے ان ریمارکس پر اجلاس میں قہقہے بھی گونج اٹھے۔سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کے کنسلٹنٹ کو چھپائی کا کنٹریکٹ دے دیا گیا ہے، تاہم اسٹیٹ بینک دو سال میں نئے کرنسی نوٹ تیار نہیں کرسکا۔ انہوں نے ریمارکس دیے کہ اسٹیٹ بینک کا حال تو حکومت سے بھی برا ہے۔اسٹیٹ بینک حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ 5 ہزار روپے کا موجودہ نوٹ 20 سال قبل تیار کیا گیا تھا اور اب اگلے 20 سال کے لیے نئے نوٹ کا ڈیزائن تیار کیا جارہا ہے۔حکام کے مطابق 10 روپے کے نوٹ کو ختم کرنے کی تجویز زیر غور ہے کیونکہ اس کی تیاری کی لاگت زیادہ پڑتی ہے۔ نئے کرنسی نوٹوں میں جدید سیکیورٹی فیچرز بھی شامل کیے جارہے ہیں۔اسٹیٹ بینک حکام نے بتایا کہ 5 ہزار اور ایک ہزار روپے کے نوٹ کی تیاری پر 14 روپے لاگت آتی ہے۔اجلاس میں رکن کمیٹی انوشہ رحمان نے سوال کیا کہ اسٹیٹ بینک نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا استعمال کیوں نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک نے ڈیزائن کابینہ کی ایک ذیلی کمیٹی سے منظور کرایا ہے اور موجودہ طریقہ کار سے ایسا لگتا ہے کہ نئے نوٹوں کی تیاری میں مزید وقت لگے گا۔انوشہ رحمان کا کہنا تھا کہ اگر کئی ماہ لگا کر ایک ڈیزائن ذیلی کمیٹی سے منظور کرایا جائے اور کابینہ کمیٹی اس میں کوئی تبدیلی کردے تو معاملہ دوبارہ ذیلی کمیٹی میں لے جانا پڑے گا۔سلیم مانڈوی والا نے بھی نئے نوٹوں کے ڈیزائن کی رفتار پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس رفتار سے کام جاری ہے، خدشہ ہے کہ کمیٹی کی مدت ختم ہوجائے گی لیکن نئے نوٹ تیار نہیں ہوپائیں گے۔اسٹیٹ بینک حکام نے بتایا کہ کابینہ کمیٹی نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن حتمی شکل دے رہی ہے، جبکہ 10 روپے کا نوٹ مرحلہ وار ختم کیا جارہا ہے۔ حکام کے مطابق نئے نوٹوں میں مختلف سیکیورٹی فیچرز شامل کیے جارہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے