بارشوں سے خیبر پختونخوا میں سیلابی صورتحال، لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بڑھ گیا

پشاور: خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں موسلا دھار بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا، جبکہ کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو دیر، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، شانگلہ، چترال، بٹگرام اور بونیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔خیبر، باجوڑ، مہمند، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، ہنگو، اورکزئی، کرم، کوہاٹ، کرک اور بنوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ ٹانک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے۔موسمیاتی حکام کے مطابق پیر کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم سوات، کوہستان، بٹگرام، شانگلہ اور وزیرستان میں وقفے وقفے سے بارش جاری رہ سکتی ہے۔دوسری جانب دیر بالا اور دیر لوئر کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی، جبکہ دریائے پنجکوڑہ میں پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے۔پاتراک، کوہستان سے وادی کمراٹ تک سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، جہاں متعدد مقامات پر سڑکیں سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہوئی ہیں۔پاتراک کے مقام پر وادی کمراٹ روڈ سیلابی ریلے میں بہہ گئی، جس کے باعث چھوٹی بڑی گاڑیاں پھنس گئیں اور سیاح و مسافر راستوں میں محصور ہوگئے۔گولدائی کوہستان اور ڈوگ درہ میں بھی سڑکیں متاثر ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں تاحال امدادی سرگرمیاں شروع نہیں ہوسکیں، جبکہ مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے